28 جنوری ، 2022
پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) میں شامل ٹیم ملتان سلطانز کے کھلاڑی شاہنواز داہانی کی عمران طاہر کے ساتھ سندھی بولنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں شاہنواز داہانی پاکستانی نژاد جنوبی افریقی لیگ اسپنر عمران طاہر کو گلے لگاتے ہیں اور ان کے ساتھ سندھی زبان بولتے ہیں۔
جواب میں ملتان سلطانز کے لیگ اسپنر عمران طاہر بھی سندھی میں داہانی سے گفتگو کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ داہانی نے کچھ روز قبل جیونیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ جنوبی افریقا کی نمائندگی کرنیوالے عمران طاہر کا بنیاد ی تعلق سندھ سے ہی ہے ۔
جب داہانی سے پوچھا گیا کہ یہ کیسے پتہ چلا کہ عمران طاہر سندھ سے تعلق رکھتے ہیں تو دائیں ہاتھ کے بولر نے بتایا کہ پی ایس ایل 6 کے دوران عمران طاہر نے ان سے سندھی میں گفتگوکی تھی، وہ بہت اچھی سندھی بولتے تھے جس پر کافی حیرت ہوئی۔
داہانی نے کہا تھا کہ جب انہوں نے عمران طاہر سے اس کی وجہ پوچھی تو مایہ ناز اسپنر نے بتایا کہ ان کا بنیادی تعلق سکھر سے ہے ، بعد میں فیملی لاہور اور پھر وہ جنوبی افریقا شفٹ ہوئے۔
واضح رہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔
عمران طاہر کو میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرنے پر بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا، انہوں نے 16 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔