Time 04 فروری ، 2022
کھیل

پی ایس ایل میں ہر ٹیم کے پاس سپر اسٹارز موجود ہیں جو میچز جتوا سکتے ہیں، جیسن روئے

جیسن روئے کا کہنا ہے کہ انہوں نے ماضی میں پاکستان میں اپنا قیام انجوائے کیا۔ —فوٹو: جیونیوز
جیسن روئے کا کہنا ہے کہ انہوں نے ماضی میں پاکستان میں اپنا قیام انجوائے کیا۔ —فوٹو: جیونیوز

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر اور پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل جیسن روئے کا کہنا ہے کہ انہوں نے ماضی میں پاکستان میں اپنا قیام انجوائے کیا۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں جیسن روئے نہ کہا کہ اکتوبر میں دورے کی منسوخی کے بارے میں انہیں نہیں ملعوم کیا باتیں ہوئی تھیں، یہ فیصلے ان سے اوپر کے عہدے والوں کے ہیں اور وہ اس پر اپنی رائے نہیں دے سکتے کہ انگلینڈ کو اس وقت جانا چاہیے تھا یا نہیں، فیصلہ باسز نے کیا تھا اور وہ اس کا احترام کرنے کے پابند تھے۔

تاہم انگلش وائٹ بال ٹیم کے پلیئر نے کہا کہ انہوں نے ماضی میں پاکستان میں اپنا قیام انجوائے کیا تھا اور ساتھی کرکٹرز سے بھی اپنا تجربہ شیئر کیا تھا۔ 

جیسن روئے کا کہنا تھا کہ امید ہے جب انگلینڈ کی ٹیم ورلڈ کپ سے قبل ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گی تو پلیئرز یہاں کے معاملات خود دیکھ لیں گے۔

 جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انگلینڈ پاکستان کا دورہ کرے گی؟ تو انہوں نے کہا کہ دورہ شیڈول میں شامل ہے، اُمید ہے دورہ ہوگا۔

واضح رہے کہ انگلش کرکٹ ٹیم کو سات ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کیلئے ستمبر میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ انگلش ٹیم ستمبر میں دو اضافی میچز کھیل رہی ہے جو اس نے اکتوبر کے منسوخ شدہ دورے میں کھیلنا تھے۔

جیسن روئے نے دو فروری کو پاکستان سپر لیگ کیلئے پاکستان پہنچے تھے اور اس وقت بائیو سکیور ببل میں ہیں، وہ کہتے ہیں کہ کووڈ کی وجہ سے بائیو سکیور ببل کی زندگی کچھ مشکل ہے، گو کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران حالات کچھ بہتر ہوئے ہیں مگر اکثر اوقات حالات پریشان کن ہوجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ کھیل کر ہمیشہ اچھا لگا ہے، اس لیگ میں ہر ٹیم کے پاس سپر اسٹارز موجود ہیں جو میچز جتوا سکتے ہیں، بڑے ناموں کے ساتھ ساتھ ٹیلنٹیڈ نوجوان کرکٹرز کی بھی ایک بڑی تعداد پی ایس ایل میں شریک ہے، اچھا لگتا ہے جب 18،19سال کے پلیئرز آکر شاندار کارکردگی دکھاتے ہیں اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرتے ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کا ابھرکر آنا ہی ان لیگز کا حقیقی مقصد ہے۔

انگلینڈ کی جانب سے 98 ایک روزہ اور 58 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے جیسن روئے نے کہا کہ جس طرح پاکستان میں کرکٹ سے لگاؤ ہے اس کو دیکھ کر یہاں سے سامنے آتا ٹیلنٹ دیکھ کر بالکل بھی حیرت نہیں ہوئی۔ جس طرح یہ ٹیلنٹ سامنے آرہا ہے، اس کو دیکھ کر کہا جاسکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ کا مستقبل بہت اچھا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہر لیگ کی اپنی خصوصیت ہوتی ہے اس لیے کسی ایک لیگ کا دوسری لیگ سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا، برصغیر میں کراؤڈ لیگز میں جان ڈال دیتے ہیں، بھارت میں آئی پی ایل میں زبردست کراؤڈ تھا، جب پی ایس ایل کیلئے پاکستان آیا تو یہاں بھی بہت عمدہ تجربہ رہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں آپ جس بھی ٹیم سے کھیل رہے ہوں، یہاں فینز پورے ٹورنامنٹ مین آپ کی بھرپور سپورٹ کرتے ہیں، ان فینز کو شاید یہ اندازہ نہیں ہو مگر ایک کھلاڑی کی زندگی میں ان فینز کا کافی اہم کردار ہوتا ہے۔

مزید خبریں :