پاکستان
16 فروری ، 2012

صدر زرداری سے محمود احمدی نژاد اور حامد کرزئی کی ملاقاتیں

صدر زرداری سے محمود احمدی نژاد اور حامد کرزئی کی ملاقاتیں

اسلام آباد . . . . . صدر آصف علی زرداری سے افغانستان کے صدر حامد کرزئی اور ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے الگ الگ ملاقات کی ہے،تینوں رہنما جمعہ کو سہ فریقی مذاکرات میں شریک ہوں گے۔ سہ فریقی مذاکرات میں شرکت کے لئے افغان صدر حامد کرزئی اور ایرانی صدر محمود احمدی نژاد اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔ افغان صدر حامد کرزئی اور ایرانی صدر محمود احمدی نژاد کے الگ الگ ایوان صدر اسلام آباد پہنچنے پر صدر زرداری اور وزیر اعظم گیلانی نے استقبال کیا،اس موقع پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے مہمان صدور کو سلامی پیش کی، متعلقہ ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے، دونوں صدور نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔ گارڈ آف آنر کی تقریب کے بعد تقریب کے بعد افغان صدر حامد کرزئی نے صدر زرداری سے ون آن ون ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، ٹرانزٹ ٹریڈ، سرحدوں کی صورتحال، طالبان رہنماوٴں سے جاری مذاکرات سمیت خطے کی صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ اس کے بعد وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی جس میں مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔ بعد میں ایرانی صدر محمود احمدی نژاد نے بھی صدر زرداری سے ون آن ون ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، ٹرانزٹ ٹریڈ، پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے، سرحدوں اور خطے کی صورتحال پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ اس کے بعد وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوئی جس میں مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔ ایران کے صدر احمدی نژاد نے افغان صدر حامد کرزئی کے ہمراہ صدر زرداری سے مشترکہ غیر رسمی ملاقات بھی کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کی گئی۔ صدر زرداری کی طرف سے ایران اورا فغان صدور کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :