13 فروری ، 2022
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ٹیم لاہور قلندرز کے ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی ہر قسم کی صورت حال میں مثبت اور پرسکون رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ نوجوان کپتان ہونے کے باوجود کھلاڑیوں کی خراب کارکردگی پر گراؤنڈ میں غصہ نہیں کرتے ہیں اور ناہی گھبراتے ہیں، یہی ان کی کامیابی ہے۔
ہیڈ کوچ لاہور قلندرز عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل لاہور قلندرز کے لیے اب تک بہت اچھا جا رہا ہے، تمام کھلاڑی 100 فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو میچز ہارے اس میں بھی سخت مقابلہ کیا وہ یک طرفہ نہیں ہارے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ کپتان شاہین شاہ آفریدی توقعات سے بڑھ کر امیدوں پر پورا اترے ہیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ میں اوپنر جیسن روئے سے اتنے رنز پڑنے کے باوجود وہ گھبرائے نہیں۔
'کھلاڑیوں نے کچھ کیچز بچوں والے ڈراپ کیے'
فیلڈنگ کے بارے میں عاقب جاوید نے کہا کہ کھلاڑیوں نے کچھ کیچز بچوں والے ڈراپ کیے، حیران ہوں ایسا کیسے ہو گیا، فیلڈنگ مجموعی طور پر اچھی ہے کوئی کھلاڑی بوجھ نہیں بلکہ تمام فٹ ہیں۔
افغانستان کے راشد خان 19 فروری کے بعد نیشنل ڈیوٹی کی وجہ سے لاہور قلندرز کو دستیاب نہیں ہوں گے جس پر عاقب جاوید نے کہا کہ راشد خان بلاشبہ نمبر ون ٹی ٹوئنٹی بولر ہے، ان کی کمی تو محسوس ہو گی، راشد خان کے جانے کے بعد بھی مضبوط کمبی نیشن بنائیں گے۔
لاہور قلندرز گراؤنڈ میں آتی ہے تو کراؤڈ بھی آتا ہے: عاقب جاوید
عاقب جاوید لاہور کے کراؤڈ سے بہت متاثر ہیں اور کہتے ہیں کہ لاہور کے کرکٹ فینز لاہور قلندرز سے محبت کرتے ہیں،لاہور قلندرز گراؤنڈ میں آتی ہے تو کراؤڈ بھی آتا ہے اور عوام اپنی ٹیم کو بہت سپورٹ کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے گی۔