Time 14 فروری ، 2022
کھیل

فخر ہے میں نے پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے کردار ادا کیا، روسو

رائلی روسو نے ٹیم میں شامل فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ شاہنواز مثبت اینرجی سے بھرپور پلیئر ہے —فوٹو: جیو جیوز
رائلی روسو نے ٹیم میں شامل فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ شاہنواز مثبت اینرجی سے بھرپور پلیئر ہے —فوٹو: جیو جیوز

پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل ) کی ٹیم ملتان سلطانز میں شامل جنوبی افریقی کرکٹر رائلی روسو کا کہنا ہے کہ انہیں اس بات پر فخر ہے کہ وہ ان کرکٹرز میں شامل ہیں جو ابتدائی دنوں میں پی ایس ایل کیلئے یہاں آئے اور پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کیا۔

جیو نیوز کو انٹرویو میں 32 سالہ کرکٹر نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کیلئے محفوظ ملک ہے اور انہیں ایک بار پھر پی ایس ایل کیلئے یہاں آکر بہت اچھا لگ رہا ہے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے 36 ایک روزہ اور 15 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل  میچز کھیلنے والے جارح مزاج بیٹر 2018 میں کوئٹہ کی جانب سے پی ایس ایل کیلئے پاکستان آئے تھے تاہم 2017 کے فائنل کیلئے وہ اپنی ٹیم کو دستیاب نہ تھے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر کرکٹرز کی طرح شروع میں وہ شکوک و شبہات کا شکار تھے کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کیلئے معاملات کیسے ہوں گے مگر بعد میں ڈیرن سیمی سمیت کئی کھلاڑیوں نے فیصلہ کیا کہ ہمیں پاکستان جاکر وہاں کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنا چاہیے۔

رائلی روسو کا کہنا تھا کہ خوشی ہے کہ وہ یہ فیصلہ کرنے والے پلیئرز میں شامل تھے اور فخر ہے کہ وہ اس پورے عمل کا حصہ رہے جس نے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کیلئے کردار ادا کیا اور دنیا کو بتایا کہ یہاں سب کچھ ٹھیک ہے اور یہ کرکٹ کھیلنے کیلئے ایک محفوظ ملک ہے۔

ایک سوال پر رائلی روسو نے کہا کہ انہوں نے جتنی بھی لیگز کھیلی ہیں ان میں وہ پاکستان سپر لیگ کو سب سے بہترین سمجھتے ہیں، اس لیگ میں جو ٹیلنٹ آرہا ہے وہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں پاکستان کے بہترین ٹیم ہونے کا سبب ہے جبکہ پی ایس ایل میں پلیئرز کا عزم اور پروفیشنلزم قابل دید اور سب سے بہتر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر کافی حیرانی ہوتی ہے کہ ہر سال تین، چار ایسے بولرز منظر عام پر آجاتے ہیں جو ایک سو چالیس کی رفتار سے گیند کراتے ہیں، اس سال دو ایسے بولرز نظر آئے ہیں جن کا ایکشن منفرد ہے اور انہوں نے اپنی ٹیموں کیلئے بہترین کھیل پیش کیا ہے ۔

رائلی روسو نے کہا کہ پی ایس ایل سے یوں ٹیلنٹ کا سامنے آنا نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کی کرکٹ کیلئے کافی اچھی بات ہے۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل سیون میں ملتان سلطانز کی نمائندگی کرنے والے رائلی روسو انڈین پریمیئر لیگ، جنوبی افریقا کی مزانسی سپر لیگ، بگ بیش لیگ اور انگلینڈ کے ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ میں شرکت کرچکے ہیں۔

انہوں نے ٹورنامنٹ میں ملتان سلطانز کے آغاز پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم اس سے زیادہ کسی اور چیز کی خواہش نہیں کرسکتی تھی، اُمید ہے ٹیم نے جو مومینٹم حاصل کیا ہوا ہے اس کو آگے کے میچز میں بھی برقرار رکھیں گے ۔

رائلی روسو نے ٹیم میں شامل فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ شاہنواز مثبت اینرجی سے بھرپور پلیئر ہے جس کی موجودگی سے ڈریسنگ روم میں جان پڑتی ہے، ایسا کھلاڑی ہونا کافی خوش آئند ہوتا ہے۔

ایک سوال پر جنوبی افریقی کرکٹر نے کہا کہ بائیو سیکیور ببل کی زندگی مشکل ضرور ہے اور اس کو ہینڈل کرنا ہر کسی کی ذات پر منحصر ہے جو پلیئرز خاموش طبیعت نہیں ان کیلئے کمروں میں محدود رہنا مشکل ہے لیکن جو خاموش طبیعت ہیں وہ اس کو ہینڈل کرلیتے ہیں لیکن پھر بھی یہ فطری نہیں اور کبھی کبھی مشکل ہوجاتی ہے۔

مزید خبریں :