پاکستان

وزیراعظم کی زیرِ صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس، آرمی چیف و ڈی جی آئی ایس آئی بھی شریک

وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی سے متعلق امور  پر  سول و عسکری قیادت نے اہم فیصلے کیے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز انٹیلی جنس (ڈی جی آئی ایس آئی) نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے قومی سلامتی معید یوسف نے شرکا کو قومی سلامتی پر بریفنگ دی۔

اجلاس میں ملکی سکیورٹی صورتِ حال پر مشاورت ہوئی جبکہ دہشت گردی اور افغان صورتِ حال پر بھی مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت ترین، شفقت محمود، اعظم سواتی، شیخ رشید  کے علاوہ رزاق داؤد، فیصل سلطان نے بھی شرکت کی۔

پاکستان پرامن اور مستحکم افغانستان چاہتا ہے، وزیراعظم کا اجلاس میں اظہار خیال

وزیراعظم کا اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان پُر امن اور مستحکم افغانستان چاہتا ہے، عالمی برادری افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے مدد کرے۔

 وزیراعظم نے پاکستانی جامعات میں زیرتعلیم افغان طلبہ  کیلئے اسکالرشپس جاری رکھنےکی ہدایت کی اور کہا کہ افغان طلبہ افغانستان کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،  افغانستان کے ساتھ کاروباری اور  مواصلاتی منصوبے ہماری ترجیح ہیں، اس ضمن میں حکومتی سطح پر بھرپور معاونت دی جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ افغانستان میں اسپتالوں، سڑکوں اور ریلوے کی تعمیر میں مدد کریں گے۔ وزیراعظم نے وزارتوں کو ہدایت کی کہ افغان عوام کی امداد کیلئے اعلان کردہ منصوبوں پرکام تیزکریں۔

اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سے آرمی چیف کی علیحدہ ملاقاتیں بھی ہوئیں— فوٹو: پی آئی ڈی
اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سے آرمی چیف کی علیحدہ ملاقاتیں بھی ہوئیں— فوٹو: پی آئی ڈی

اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سے آرمی چیف کی علیحدہ ملاقاتیں بھی ہوئیں۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم اور آرمی چیف کی ملاقات میں پاک فوج کے پیشہ وارانہ امور پر گفتگو ہوئی۔

آرمی چیف کی صدر مملکت سے ملاقات

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں آرمی چیف کی ملاقات ہوئی— فوٹو: ایوان صدر
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں آرمی چیف کی ملاقات ہوئی— فوٹو: ایوان صدر

علاوہ ازیں ایوان صدر کی طرف سے جاری اعلامیے کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں آرمی چیف کی ملاقات ہوئی۔

آرمی چیف نے صدر مملکت کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ تیاریوں اور دہشت گرد عناصر کے خلاف اقدامات پر بریفنگ دی اور ملک سے متشدد عناصر کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا۔

صدر مملکت نے بلوچستان، خیبر پختونخوا کے نو ضم شدہ اضلاع میں آپریشنز میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ قوم کو اپنی مسلح افواج کی قربانیوں پر فخر ہے، مسلح افواج نے تمام مشکلات کے باوجود ملکی سرحدوں کا دفاع کیا۔

مزید خبریں :