Time 15 فروری ، 2022
پاکستان

بھارتی حراست میں موجود پاکستانی خاتون اور ان کی4 سالہ بیٹی ہائی کمیشن کی مددکی منتظر

بھارتی شہر بنگلور میں زیرِ حراست پاکستانی خاتون اور  ان کی 4 سال کی بیٹی پاکستانی ہائی کمیشن کی مددکی منتظر ہیں، سمیرا کے ڈی پورٹ ہونےکی راہ میں واحد  رکاوٹ پاکستانی شہریت کا سرکاری تصدیق نامہ ہے ۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے بھارتی انسانی حقوق کی کارکن ایڈووکیٹ سہانا بسواپٹنا نے بتایا کہ سمیرا بنگلورکے اسٹیٹ ہوم فار ویمن کے حراستی مرکز میں ہیں، سمیرا کے ہمراہ ان کی چار سال کی بیٹی بھی موجود ہے۔

سہانا کے مطابق سمیرا کا تعلق کراچی سے ہے، سمیرا کے والدین گذشتہ کئی برسوں سے قطر میں روزگار کے لیے مقیم ہیں، قطر میں والدین کی مرضی کے خلاف سمیرا نے بھارتی نوجوان سے شادی کی، سمیراشوہر کے ہمراہ بغیر ویزے کے 2016 میں انڈیا میں داخل ہوئیں، کچھ عرصے بعد بھارتی حکام کی جانب سے دونوں کو گرفتار کرلیا گیا، شوہر پر  انہیں بغیر ویزا انڈیا لانے میں سہولت کاری کا الزام تھا، قید کے ابتدائی دنوں میں ہی جیل میں سمیرا کی بیٹی پیدا ہوئی تھی۔

ایڈووکیٹ سہانا نے بتایا کہ کچھ عرصے بعد سمیرا کے شوہرکو ضمانت پر رہا کردیا گیا، شوہر نے رہائی کےکچھ عرصے بعد سمیرا سے رابطہ ختم کردیا، 18 نومبر 2021 کو نئی دہلی میں سمیرا نے پاکستانی ہائی کمیشن کے افسران سے ملاقات بھی کی۔

ان کا کہنا ہے کہ سمیرا کی وطن واپسی کے لیے حکومت پاکستان جلد از جلد سمیرا کی پاکستانی شہریت کی تصدیق کرے، سمیرا کے ڈی پورٹ ہونے میں واحد رکاوٹ پاکستانی شہریت کا سرکاری تصدیق نامہ ہے۔

مزید خبریں :