19 فروری ، 2022
پاکستان سے فرار 341 شوٹرز اور اشتہاریوں کو بیرون ممالک سے واپس نہ لایاجاسکا جب کہ دشمنی، قتل اور بھتے کیلئے بیرون ممالک سے شوٹرز آپریٹ کیے جانے کا بھی انکشاف سامنے آیا ہے۔
جیونیوز نے انٹرپول کو دی جانے والی 160 خطرناک شوٹرز اور اشتہاریوں کی تفصیلات حاصل کرلیں۔
ذرائع کےمطابق جیو نیوز نے پنجاب کی وفاق کو بھیجے گئے 181 ناموں کی فہرست بھی حاصل کرلی ہے۔
پولیس ذرائع کاکہناہے کہ خطرناک ملزمان کو پکڑنے کے لیے تفصیلات انٹرپول کوبھیجی گئی ہیں، مطلوب ملزمان کی تفصیلات وزارت داخلہ کے ذریعے انٹرپول کو فراہم کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں اب بھی متعدد شوٹرز موجود ہیں، دیرینہ دشمنی، بھتہ خوری کے لیے شوٹرزکو بیرون ملک سے آپریٹ کیاجارہا ہے، ان شوٹرزکے ذریعے عابد باکسر، بلال یاسین اور ایف بی آرکے سلمان بٹ پرفائرنگ کرائی گئی جب کہ صحافی حسنین شاہ ااور وکیل کی خاتون اسسٹنٹ کو شوٹرز نے قتل کیا، صحافی حسنین شاہ کو قتل کرنے والے شوٹرز کو تاحال گرفتار نہیں کیا جاسکاہے۔
ذرائع کےمطابق اشتہاری ملزمان میں رضوان، سیف اللہ، زین، یاسر، افضال، سعید ناصر اور دیگر شامل ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کا کہنا ہےکہ خطرناک اشتہاریوں کوواپس لانے کے لیے محکمہ داخلہ سے رابطے میں ہیں جس سلسلے میں متعدد شوٹرز کے ریڈ وارنٹ، تصاویر اورکوائف فراہم کیےجاچکے ہیں۔