Time 09 مارچ ، 2022
پاکستان

کراچی سے ٹورنٹو جانیوالی پی آئی اے پرواز میں مسافر کو دل کا دورہ مشکوک قرار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

گزشتہ روز کراچی سے ٹورنٹو جانے والی پی آئی اے کی پرواز میں مسافر کو پڑنے والا دل کا دورہ مشکوک قرار پایا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے ٹورنٹو کے لیے روانہ ہونے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 783 میں ایک 33 سالہ مسافر سید احمد وصی نے پرواز کےکچھ دیر بعد دل میں تکلیف کی شکایت کی تھی۔

 پائلٹ کی درخواست پر طیارے میں موجود ایک ڈاکٹر نے مسافر کو فوری طبی امداد مہیا کی اور بتایا کہ دل کے دورے کی علامات نہیں ہیں ، فضائی عملے کی رپورٹ کے مطابق بھی مسافر کی نبض اور دل کی حرکت متوازن تھی  تاہم مسافر کی مسلسل شکایت پر رسک نہ لیتے ہوئے طیارہ واپس کراچی ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا ۔

 میڈیکل ایمرجنسی لینڈنگ سے پہلے حفاطتی اقدامات کے تحت طیارے میں ٹورنٹو کی نان اسٹاپ پرواز کے لیے لوڈ ایک کروڑ 25 لاکھ روپے مالیت کا ایک لاکھ کلو اضافی ایندھن فضا میں ضائع کرنا پڑا۔

 کراچی ائیرپورٹ پر  بھی طبی امداد دینے والے ڈاکٹر نے دل کا دورہ نہ ہونے کی رپورٹ دی، بعد میں مسافر کو نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسپتال کی رپورٹس میں بھی دل کے دورے کے بارے میں شبہات پائے گئے۔

پی آئی اے ترجمان کے مطابق مسافر سید احمد وصی نے ائیرپورٹ پر بیان دیا کہ تھا کہ سفر کے دوران اُسے شدید گھبراہٹ ہو رہی تھی۔

جیو نیوز نے مؤقف کے لیے  مسافر احمد وصی سے رابطہ کیا لیکن فون اٹھانے پر  خاتون نے کچھ دیر بعد بات کرانےکا کہا لیکن بات نہیں کرائی۔ 

ائیرلائن زرائع کے مطابق مسافر سید وصی نے روانگی سے قبل دومرتبہ کنفرم ٹکٹ منسوخ کروائی تھی اور اب مسافر نے سفر جاری نہ رکھنے کے لیے اور واپسی کے لیے دل کے دورے کا بہانہ کیا۔

 پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ سوا کروڑ روپے کے ایندھن کے نقصان کے علاوہ پرواز میں تاخیر ، طیارے کے لینڈنگ سائیکل اور سی اے اے کے چارجز سمیت کروڑوں روپے کا نقصان ہوا ہے  اور  سیکڑوں مسافروں کو بھی تکلیف اور تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔

 ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے مسافر سید وصی کو بلیک لسٹ کر دیا ہے اور مذید قانونی کارروائی پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :