14 مارچ ، 2022
کراچی: سانحہ مشرقی پاکستان کے تجرباتی خودنوشت سے ماخوذ جیو انٹر ٹینمنٹ پر نشر ہونے والے سپر ہٹ ڈرامہ سیریل “جو بچھڑ گئے” نے سوشل میڈیا پر بھی دھوم مچا دی۔
جو بچھڑ گئے میں سونیا انور کا لازوال کردار نبھانے والی مایا علی ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئیں۔
گزشتہ روز کرنل ریٹائرڈ فرخ کی خود نوشت سے ماخوز علی معین کا تحریر کردہ ڈرامہ "جو بچھڑ گئے" نے نئی تاریخ رقم کر دی، ڈرامے کی آخری قسط میں سونیا انور کا مرکزی کردار نبھانے والی مایا علی اور شفی امام رومی کا کردار ادا کرنے والے وہاج علی نے مداحوں کو اپنے سحرمیں جکڑے رکھا۔
یہی وجہ تھی کہ مایا علی اور وہاج علی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر ٹاپ ٹرینڈ بنے رہے، دونوں اداکاروں بالخصوص مایا علی کی یادگار پرفارمنس کو ناظرین اور سوشل میڈیا صارفین نے خوب سراہا۔
اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے ایک مداح نے ڈرامے کی کاسٹ رائٹر اور پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ کوئی ڈرامہ مجھے داستان جتنا دل گرفتہ کر سکتا ہے، جو بچھڑ گئے کی جتنی بھی اقساط دیکھیں ہر قسط نے غیر متوقع طور پر اپنے سحر میں جکڑے رکھا۔
مایا علی کی ایک مداح کا کہنا تھا کہ جو بچھڑ گئے کی آخری قسط شدید احساس، دل کو چھلنی کرنے اور اشک بار کردینے والی تھی، وہاج، مایا اور طلحہ نے اپنے کرداروں کے ساتھ انصاف کیا۔
ماریہ نامی ایک صارف نے لکھا کہ ڈرامے کی آخری قسط میں آپریشن سرچ لائٹ دکھا گیا جس میں پاک فوج نے اندرون و بیرون ملک دشمنوں کا سامنا کیا اور شاید صرف بہادری ہی اس جنگ کو جیتنے کے لیے کافی نہیں تھی لیکن پھر بھی ہمت، بہادری، دلیری اور شجاعت کی کئی داستانیں رقم ہوئیں۔