14 مارچ ، 2022
بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے سربراہ جام کمال خان کا کہنا ہے کہ پارٹی نے وزیر اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر فیصلے کا اختیار خالد مگسی کو دیا ہے، یہ فیصلہ عبدالقدوس بزنجو یا صادق سنجرانی نہیں کریں گے۔
سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ ’باپ‘ نے تحریک عدم اعتماد سے متعلق ذمے داری خالد مگسی کو دی ہے، اس سے متعلق کوئی فیصلہ قدوس بزنجو یا صادق سنجرانی نہیں کریں گے۔
’باپ‘ کے صدر صدر جام کمال نے فون کالز سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں کہیں اور سے نہیں، سنجرانی کے دفتر سے کالز آتی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ دنوں بعد حکومت نے مانا کہ اتحادیوں کے ساتھ بھی ملنا چاہیے، ہماری کچھ چیزوں کوحکومت نے سنا ہے، پارلیمانی پارٹی کےسربراہ خالد مگسی کو مذاکرات کی ذمےداری سونپی ہے، خالد مگسی جوفیصلہ کریں گے سب کو قبول ہوگا۔
جام کمال خان نے کہا کہ دو ڈھائی سال میں دیکھا وفاق کی جانب سے ون مین شوفیصلہ ہو رہا تھا، بلوچستان عوامی پارٹی اپنا فیصلہ خود کرے گی۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے آج پارلیمنٹ لاجز میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنماؤں سے ملاقات کی ہے۔