04 نومبر ، 2012
حیدر آباد … حیدر آباد کے علاقے حیدر چوک پر مذہبی جماعت کے دفتر میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق حیدر آباد کے مرکزی علاقے حیدر چوک کے قریب مقامی مذہبی تنظیم کے دفتر میں فائرنگ سے 6 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے ایک جاں بحق ہوگیا، زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے جبکہ پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی ہے، واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، دکانیں اور کاروباری مراکز بند ہوگئے۔ نمائندہ جیو نیوز حامد شیخ کے مطابق پولیس نے حیدر چوک پر کارروائی کرتے ہوئے 8 افراد کو گرفتار کرلیا ہے، جن سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی حیدر آباد میں فائرنگ کے واقعات میں ایم کیو ایم کے سابق ناظم سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔