17 فروری ، 2012
نیویارک … اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شام کے خلاف قرارداد مذمت منظورکرلی گئی، چین،روس اور ایران نے مخالفت میں ووٹ ڈالاجبکہ پاکستان نے عرب لیگ کی کوششوں کی حمایت کی ۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شام کے خلاف مصر اور عرب ممالک نے مشترکہ طورپر قرارداد مذمت پیش کی، جس میں شام میں ہونے والی کارروائیوں کی مذمت کی گئی اور صدر بشارالاسد سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فورا بند کریں۔ قرارداد پر ہونے والی رائے شماری میں ایک سوانچاس ممبران نے حصہ لیا، جن میں ایک سو سینتیس رکن ممالک نے حمایت میں ووٹ ڈالا جبکہ چین روس اور ایران سمیت بارہ ارکان نے قرارداد کی مخالفت میں ووٹ ڈالا۔ رائے شماری میں سترہ ممبران نے حصہ نہیں لیا۔جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب عبداللہ حسین ہارون نے شام کی صورت حال پر عرب لیگ کی کوششوں کی حمایت کی۔