04 اپریل ، 2022
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی تحلیل ہونے سے قبل قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو نگران وزیراعظم کا نام تجویز کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔
صدر مملکت کا خط میں کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے جسٹس (ر) گلزار احمد کا نام بطور نگران وزیراعظم تجویز کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’صدر مملکت کو نگران وزیراعظم کا تقرر وزیر اعظم اور قائد حزب اختلاف کی مشاورت سے کرنا ہے، قائد حزب اختلاف جسٹس (ر) گلزار احمد کی نامزدگی سے اتفاق کریں یا کسی مناسب شخص کا نام تجویز کریں‘۔
صدر مملکت کا کہنا تھاکہ ’قائد حزب اختلاف آئین کے آرٹیکل 224 ایک اے کے تحت 6 اپریل تک اطلاع دیں‘، مقررہ وقت میں جواب موصول نہ ہونے پر نگران وزیراعظم کی تقرری آئین کے مطابق ہوگی۔
خیال رہے کہ جسٹس گلزار احمد یکم فروری 2022 کو عہدے سے ریٹائر ہوئے اور اب پی ٹی آئی نے ان کا نام نگران وزیر اعظم کیلئے تجویز کیا ہے۔