دنیا
07 نومبر ، 2012

بارک اوباما نے میدان مارلیا،ایک بار پھر امریکی صدر منتخب

بارک اوباما نے میدان مارلیا،ایک بار پھر امریکی صدر منتخب

واشنگٹن…بارک اوباما دوسری مدت کیلئے امریکی صدر منتخب ہوگئے۔امریکی امریکی ٹی وی کے مطابق بارک اوباما نے 290ووٹ حاصل کرکے امریکا کی صدارت دوبارہ حاصل کرلی ہے، اُن کے مد مقابل ری پبلکن اُمیدوارمٹ رومنی کو203ووٹ ملے، چند ریاستوں کے نتائج ابھی آنا باقی ہیں۔اوباما نے اپنی جیت کااعلان ٹوئٹر اور فیس بک پر کیا۔صدارتی انتخابات جیتنے کے بعد بارک اوباما نے سوشل ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آپ کا شکریہ امریکی عوام،یہ آپ کی وجہ سے ممکن ہوا، ہم سب ایک ساتھ ہیں، ہم نے کردکھایا۔ اوباما کا ٹوئٹر پر یہ پیغام 88ہزار بار ری ٹوئٹ کیا گیا۔الیکشن نتائج آنے کے بعد اوباما کے حامیوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف شہروں میں جشن منایا جارہا ہے۔دارالحکومت واشنگٹن میں وائٹ ہاوٴس کے باہر لوگوں کی بڑی تعداد جمع ہے جو بارک اوباما کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کی خوشی میں جشن منارہے ہیں۔دوسری جانب ری پبلکن اُمیدوار مٹ رومنی کے کیمپ پر اُداسیوں کے ڈیرے چھا گئے ہیں۔ امریکی ریاست مشی گن، کنیکٹی کٹ، ڈسٹرکٹ آف کولمبیا،الینوائے،مین،میری لینڈ، میساچوسٹس،ڈیلاوےئر، نیو ہمپشائر، نیوجرسی، نیویارک، پنسلوانیا،روہوڈ آئی لینڈ، ورمونٹ، وسکونسن، اوہائیو، واشنگٹن ڈی سی، نیو میکسیکو ، ہوائی، کیلیفورنیا ،آئیوامیں اوباما کوجبکہ نبراسکا، الاباما، جارجیا، انڈیانا،کنساس، کینٹکی، لوزیانا، مسی سپی، مونٹانا،آرکنساس، نارتھ ڈکوٹا، اوکلاہاما،ساوٴتھ کیرولینا، ساوٴتھ ڈکوٹا، ٹنیسی، ٹیکساس، یوٹاہ، میسوری، ویسٹ ورجینیا،وائیومنگ،آئیڈاہو میں مٹ رومنی کو کامیابی حاصل ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ریاست اوہائیو میں اوباما کو 61 فیصد اور رومنی کو 38فیصد ووٹ ڈالے گئے۔انڈیانا میں ڈیموکریٹ امیدوار نے سینیٹ کی سیٹ جیت لی ہے۔ رپورٹ کے مطابق انڈیا نا میں رومنی کو 63فیصد اوراوباما کو 36فیصد ووٹ ملے۔شمالی کیرولینا میں بھی ٹائی رہا،دونوں امیدواروں کو 49,49فیصد ووٹ ملے۔ فلوریڈا میں اوباما کو55فیصد اور رومنی کو 45فیصد افراد نے ووٹ دیا۔ ورجینیا میں نتائج برابر رہے اور دونوں امیدواروں کو 49فیصد ووٹ ملے۔ ایگزٹ پول کے مطابق60 فیصدووٹرزاقتصادی پالیسیوں کیلئے فکرمنددکھائی دیئے ، 17فیصد ووٹروں کے ذہنوں میں صحت سے متعلق پالیسیاں تھیں، 15 فیصد ووٹروں نے ملکی خسارہ سامنے رکھتے ہوئے ووٹ دیا، 4فیصد ووٹروں نے خارجہ پالیسی کی بنیاد پراوباما یا رومنی کو ووٹ دیا،شہری علاقوں میں 60 فیصد لوگوں نے اوباما اور 38فیصدنے رومنی کو ووٹ دیا،دیہی علاقوں میں 60 فیصد لوگوں نے رومنی کو اور 38فیصد نے اوباما کو ووٹ دیا، چرچ جانے والے61فیصد افراد نے رومنی کو اور 37فیصد نے اوباما کو ووٹ دیا، چرچ نہ جانے والے 62فیصد لوگوں نے اوباما اور 34فیصد نے رومنی کو ووٹ دیا، 65سال اور اس سے زیادہ عمر کے57فیصد افراد نے اوباما کو ووٹ دیا، 65سال اور اس سے زیادہ عمر کے 42فیصد افراد نے رومنی کو ووٹ دیا، امریکا میں 55فیصد ماوٴں نے اوباما اور 44فیصد نے رومنی کو ووٹ دیا۔ نتائج سے قبل مٹ رومنی نے بیان دیا ہے کہ میں نے 1ہزار 118الفاظ پر مشتمل تقریر لکھ لی ہے۔

مزید خبریں :