Time 25 جون ، 2025
دنیا

ائیر انڈیا کی پرواز میں ایک ساتھ مسافروں کی طبیعت بگڑنے پر فضائی ماہرین پریشان

    ائیر انڈیا کی پرواز میں ایک ساتھ مسافروں کی طبیعت بگڑنے پر فضائی ماہرین پریشان
    پرواز میں سوار 7 افراد نے دوران سفر پیٹ میں درد، چکر اور متلی کی شکایت کی: ٹائمز آف انڈیا/ فائل فوٹو

    بھارتی ائیر لائن  ائیر انڈیا کی پرواز ایک بار پھر اس وقت خبروں کی زینت بن گئی جب جہاز میں سوار مسافر پراسرار طور پر ایک ساتھ بیمار ہونا شروع ہوگئے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق  لندن سے ممبئی آنے والی ائیر انڈیا کی پرواز میں  2 کریو ممبر سمیت 7 افراد ایک ہی جیسی بیماری میں مبتلا ہوگئے اور اس صورتحال نے فضائی ماہرین کو بھی پریشان کردیا۔

    ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق فضائی عملے کی  جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ پرواز میں سوار 7 افراد نے دوران سفر پیٹ میں درد، چکر اور متلی کی شکایت کی تاہم اس کے باوجود فلائٹ بحفاظت اپنی منزل پر لینڈ کرنے میں کامیاب رہی۔

    رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ فلائٹ لینڈنگ  کے بعد متاثرہ  مسافروں کو فوری طبی طور پر طبی امداد فراہم کی گئی۔

    ائیر انڈیا کا ردعمل 

    ائیر انڈیا کے ترجمان نے واقعے پر جاری بیان میں کہا کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں تاہم یہ واضح نہیں کہ فلائٹ  میں مسافروں کی  بیماری کی وجہ کیا ہے۔

    مسافروں کے بیمار پڑنے کی وجہ کیا ہے؟

    میڈیا رپورٹس میں کیبن ڈپریشن کو مسافروں کی پراسرار  بیماری کی وجہ بتایا جارہا ہے۔

    بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہےکہ کیبن میں آکسیجن کی سطح کم ہونے پر مسافروں کو چکر کی شکایت محسوس ہوسکتی ہے تاہم دیگر ذرائع نے بتایا کہ کیبن  میں آکسیجن کی شرح میں کوئی کمی واقع نہیں ہوئی، فوڈ پوائزننگ  کی وجہ سے بھی مسافروں کو چکر  اور متلی آسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھارتی شہر احمد آباد میں سرکاری ائیرلائن ائیر انڈیا کا مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار 241 مسافر ہلاک ہوگئے جب کہ ایک مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔

    مزید خبریں :