25 جون ، 2025
بھارتی دفاعی تجزیہ کار پرواین سواہنے نے کہا ہے کہ بھارت کی طرح اسرائیل کی فوجی برتری کا بھرم بھی ٹوٹ گیا ہے۔
ایران اسرائیل جنگ بندی کے بعد اسرائیلی فوج کے چیف آف اسٹاف ایال زمیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف جاری مہم کا ایک ’اہم باب‘ مکمل ہو چکا ہے لیکن یہ مہم ابھی ختم نہیں ہوئی۔
اسرائیلی آرمی چیف کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بھارت کے دفاعی تجزیہ کار پرواین سواہنے نے کہا کہ اسرائیل کے لیے یہ قبول کرنا مشکل ہے کہ اس کی فوجی برتری کا بھرم ایران کے ساتھ ہونے والی 12 دن کی جنگ میں ٹوٹ گیا۔
پرواین سواہنے نے ایران اسرائیل جنگ کا موازنہ پاک بھارت جنگ سے کیا اور کہا کہ اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی کے بعد اگلے مرحلے کی تیاری کا اعلان بھارت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ حالیہ جنگ کے بعد کیے گئے اعلان کی یاد دلاتا ہے جس میں 'آپریشن سندور' کے اگلے مرحلے کی تیاری کا کہا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں صورتوں میں، دونوں فریقین اب آپریشن کے اگلے دور کی تیاری کریں گے۔