پاکستان
07 نومبر ، 2012

ادارے اپنے اختلافات بات چیت کے ذریعے حل کرلیں ،الطاف حسین

 ادارے اپنے اختلافات بات چیت کے ذریعے حل کرلیں ،الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے کہاہے کہ جوڈیشری اورپاک افواج کے درمیان ترسیلی تبادلوں کے بعد ملک جس بحرانی کیفیت سے دوچارہواہے اس کااندازہ نہیں لگایاجاسکتا۔اپنے بیان میں الطا ف حسین نے کہاکہ میں وہ واحدشخص ہوں جس نے اداروں کے درمیان چپقلش کو محسوس کرتے ہوئے گزشتہ کئی مہینوں کے دوران اپنے خطابات اوربیانات میں ببانگ دہل کہاتھاکہ اس وقت ملک کو استحکام اوریکجہتی کی بہت ضرورت ہے اوران حالات میں جوڈیشری اورمسلح افواج یادیگراداروں کاباہمی نفرتوں اورکدورتوں کاسامنے لانا اورقابل حل اختلافات کو ناقابل حل اختلافات کی شکل دینا ملک کے مستقبل کیلئے کسی بھی طرح بہترنہیں ہوسکتا لہٰذاتمام ادارے اپنے مسائل واختلافات مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے حل کرلیں ، اسی میں ملک اورقوم کی فلاح بھی مضمرہے۔ الطاف حسین نے کہاکہ ہم دنیابھرکے مہذب ، ترقی یافتہ ممالک میں پاکستان کے امیج کو کسی فردکی ذاتی خواہشات یا چندافرادکی خواہشات کی بھینٹ نہ چڑھائیں بلکہ ملک کے 18کروڑ عوام کی امنگوں اور انکے جذبات واحساسات کے ترجمان بنیں، اتحاد کا بھرپور مظاہرہ کریں۔تمام محترم ومقدس ادارے ایک دوسرے کااحترام کریں اور اپنے اپنے دائرے میں رہ کرکام کریں ۔آخرمیں انہوں نے امید ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ دونوں مقتدرادارے میرے تھوڑے کہے کوبہت جانیں گے اورکسی مثبت نتیجے پر پہنچیں گے۔ دریں اثناء الطاف حسین نے بارک اوباما کوآئندہ چارسال کیلئے ایک مرتبہ پھرامریکہ کاصدرمنتخب ہونے پر دلی مبارکبادپیش کی ہے ۔ صدراوباماکے نام اپنے خط میں انہوں نے ایم کیوایم کے کارکنان اور پاکستان کے عوام کی جانب سے صدارتی انتخابات میں شاندارکامیابی پر صدراوباما کو مبارکبادپیش کی اورامیدظاہر کی کہ صدراوباما اپنے اگلے دورحکومت میں عالمی امن اور بین الاقوامی مسائل کے حل کیلئے اپنابھرپورکرداراداکریں گے۔ علاوہ ازیں الطاف حسین نے پشاور کے قصہ خوانی بازار میں خان رازق پولیس اسٹیشن کے باہر خود کش بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں ایس پی انوسٹی گیشن ہلال حیدر ، ان کے دو محافظوں سمیت متعددافراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہا رکیا ہے ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار پولیس افسران اور اہلکاروں سمیت مسلح افواج کے جوان ملک و قوم کا سرمایہ ہیں اور سفاک دہشت گردوں نے پشاور میں ایس پی انوسٹی گیشن ہلال حیدر کی گاڑی پر خود کش حملہ کرکے ایک مرتبہ پھر ثابت کردیا ہے کہ وہ ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی گھناؤنی سازش پر عمل پیرا ہیں۔ انہوں نے خود کش بم دھماکے میں ایس پی انوسٹی گیشن ہلال حیدر ، ان کے دو محافظوں سمیت شہید ہونے والے دیگر افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہا رکرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور زخمیوں کو جلد و مکمل صحت یابی عطا کرے ۔انھوں نے صدرآصف علی زداری ، وزیراعظم پرویز اشرف اور وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے مطالبہ کیا کہ پشاور کے قصہ خوانی بازار میں خان رازق پولیس اسٹیشن کے باہر خود کش بم دھماکے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے۔














مزید خبریں :