16 اپریل ، 2022
کراچی میں مزار قائد سے متصل جناح گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں لائٹس کا ٹاور گرنے سے تین کارکن زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق جناح گراؤنڈ میں جلسہ گاہ کو روشن رکھنے کیلئے مختلف مقامات پر 18 سے 20 فٹ بلند ٹاورز نصب کیے گئے جن پر بھاری سرچ لائٹ نصب کی گئی تھیں۔
جلسہ گاہ میں کچھ من چلے ان ٹاورز پر چڑھ گئے جس سے ایک ٹاور گر گیا۔
لائٹس ٹاور گرنے سے بلندی پر موجود پاکستان تحریک انصاف کے تین کارکن زخمی ہوگئے جنہیں جلسہ گاہ میں موجود کارکنوں نے جناح گراؤنڈ سے باہر نکالا اور وہاں موجود ایدھی فاؤنڈیشن کے عملے کے حوالے کیا۔
ایدھی ترجمان کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے پی ٹی آئی کارکنوں میں 20 سالہ ناظم شیخ، 28 سالہ جہانگیر اور 40 سالہ اکبر علی شامل ہیں جنہیں طبی امداد دے دی گئی ہے، تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ متعدد دیگر افراد کو بھی چوٹیں آئی ہیں تاہم انھیں اسپتال نہیں لے جایا گیا۔