20 اپریل ، 2022
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غیرفطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، ملک میں بلاتاخیر عام انتخابات کے انعقاد کے اعلان کیا جائے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اجلاس ہوا جس میں مینارِپاکستان پرکل کے اجتماعِ عام کی تیاریوں سےمتعلق امورپرتبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں ملکی مجموعی سیاسی صورتحال خصوصاًحکومت کی تشکیل اور ڈھانچے کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق غیریقینی صورتحال، امپورٹڈحکومت کے ملکی معیشت پرتباہ کن اثرات پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا گیا کہ ملک میں بلاتاخیر عام انتخابات کے انعقاد کے اعلان کیا جائے۔
اس موقع پر خطاب میں عمران خان کا کہنا تھاکہ غیرفطری امپورٹڈ حکومت سے حالات نہیں سنبھل رہے، جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی ہے، پاکستان اپنی تاریخ کے اہم ترین دور اور مقام پر کھڑا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ قوم قیادت سے آگے نکل کھڑی ہوئی ہے اور اس وقت بیرونی سازش اور خودمختاری پر حملے پر نگاہیں جمائے بیٹھی ہے، قوم آزادی و خودمختاری پر رتی بھر سمجھوتے کو تیار نہیں۔
عمران خان کا کہنا تھاکہ جب بھی کسی ملک پر فیصلہ کن وقت آتا ہے، قوم قیادت کی جانب دیکھتی ہے، مستقبل کے فیصلے سے عوام کو محروم رکھنا زیادہ دیر تک ممکن نہیں، شفاف انتخاب سے عوام کو مستقبل کے فیصلے کا حق دینے سے پاکستان آگے جائے گا۔