پاکستان
08 نومبر ، 2012

حکومت ، عوام کو جان ومال کا تحفظ فراہم نہیں کرسکتی تومستعفی ہوجائے،الطاف حسین

 حکومت ، عوام کو جان ومال کا تحفظ فراہم نہیں کرسکتی تومستعفی ہوجائے،الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ وفاقی وصوبائی حکومت کو دہشت گردی کی روک تھام اورعوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے جو تدابیراختیارکرنی چاہیے تھیں اس میں وہ مکمل طورپرناکام ہوگئی ہیں، وفاقی وصوبائی حکومتیں اگرعوام کو جان ومال کاتحفظ فراہم نہیں کرسکتیں اوروہ اس سلسلے میں بے بسی کا شکار ہیں توانہیں میرابرادرانہ مشورہ ہے کہ وہ کھل کراپنی مشکلات بتادیں اوررضاکارانہ طورپرحکومت سے الگ ہوجائیں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارآج ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر اراکین رابطہ کمیٹی ، حق پرست ارکان پارلیمنٹ اورمختلف تنظیمی شعبہ جات کے ارکان کے اجلاس سے فون پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اہلیان سندھ سمیت پورے پاکستان خصوصاً کراچی کے امن پسند،قوت برداشت اورصلح جوئی پریقین رکھنے والے تمام عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ میں گزشتہ کئی مہینوں سے اپنی تقاریرمیں ان خدشات کااظہارکرتارہاکہ کراچی میں طالبان تیزی سے آرہے ہیں اوراپنے اڈے اوررہنے سہنے کے منظم اندازاپنارہے ہیں، میں تمام امیروغریب اورہرطبقہ ء زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادسے اپیلیں کرتارہا کہ اپنے اپنے علاقوں کی حفاظت کیلئے ویجیلنس کمیٹیاں تشکیل دیں اوراپنے اپنے علاقوں کی خودحفاظت کریں لیکن مجھے افسوس ہے کہ ایسانہیں ہوا۔ اگر شہر کی ہرگلی میں چوکیداری نظام قائم ہوتا تو شہر میں ایک بھی طالبان داخل نہیں ہوتا۔ اب بھی وقت ہاتھ سے نہیں گیا، لوگ اس وقت سے ڈریں جب سفاک دہشت گرد آپ کے گھروں میں داخل ہوکر آپکے بال بچوں کواٹھاکرلے جائیں گے اورآپ کو ان کے رحم وکرم پررہناہو گالہٰذاس سے پہلے کہ یہ وقت آئے عوام اپنے بچاوٴ کی تدابیرکرلیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ سپریم کورٹ نے توتین دن پہلے کہاکہ کراچی میں بڑی تعدادمیں طالبان آرہے ہیں جبکہ میں نے توکئی سال پہلے اس سے آگاہ کردیا تھاانہوں نے کہاکہ اس سے پہلے بھی متعددمقامات پردہشت گردوں کی جانب سے خودکش حملے ہوتے رہے ہیں جن میں بھاری جانی ومالی نقصان ہوتا رہا ۔ آج کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں سچل رینجرز کے ہیڈکوارٹر پر دہشت گردوں نے خودکش حملہ کیا اورڈیڑھ سو کلوبارودسے بھری گاڑی ٹکرادی جس کے نتیجے میں رینجرزکے تین جوان شہیداورمتعددزخمی ہوگئے ۔ انہوں نے عوام کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ بھول جائیے کہ آپ کامذہب ، فقہ یامسلک کیاہے، آپ انسان ہیں اوراللہ کی مخلوق ہیں،آپ ایک ہوکرظلم وجبرکے سامنے سیسہ پلائی دیواربن کرکھڑے ہوجائیں،اپنے اپنے علاقوں میں حفاظت کیلئے ویجیلنس کمیٹیاں بنائیں، اس میں بزرگوں کوبھی بلائیں اورجرات وہمت کے ساتھ حالات کاسامناکریں۔ الطاف حسین نے آج خودکش حملے میں شہید ہونے والے رینجرزکے اہلکاروں کیلئے دعائے مغفرت کی ، انکے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکیااورپولیس ورینجرزکے زخمی اہلکاروں کی صحتیابی کی دعاکی ۔



مزید خبریں :