عمران کا حکومتی ریکارڈ بہت ہے، کوئی ویڈیو ہے نہ ایسا ارادہ رکھتے ہیں: احسن اقبال

عمران خان یا کسی وزیر نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہو اور ثبوت ہوں تو یہ جیل جائیں گے: وفاقی وزیر۔ فوٹو: فائل
عمران خان یا کسی وزیر نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہو اور ثبوت ہوں تو یہ جیل جائیں گے: وفاقی وزیر۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے پاس نہ ایسی ویڈیوز ہیں نہ ایسا کوئی ارادہ رکھتے ہیں لیکن ہمارے پاس عمران خان کی حکومتی کارکردگی کا ریکارڈ بہت ہے۔

جیو نیوز کے پرو گرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ہم ایسی سیاست کو گھٹیا اور تھرڈ ڈگری کی سیاست سمجھتے ہیں، عمران خان کی نالائقی اور کرپشن K2کے پہاڑ ہیں کسی اور چیز کی ضرورت نہیں، عمران خان یا کسی وزیر نے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا ہو اور ثبوت ہوں تو یہ جیل جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے مسجد نبوی ﷺ میں جو ہلڑ بازی کی اس پر سر شرم سے جھک گیا، اس واقعے کی وجہ سے سعودی عرب میں پاکستانیوں کے لیے سختیاں شروع ہو گئی ہیں۔

عمران خان کی جانب سے بیرونی سازش کے الزامات کے حوالے سے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ لیٹر گیٹ سے متعلق انکوائری شفافیت سے قوم کے سامنے پیش کی جائے گی، حکومت انکوائری کمیشن بنا سکتی ہے، جوڈیشل کمیشن حکومت کا اختیار نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر جوڈیشل کمیشن بنانا چاہتے ہیں تو عدالت سے رجوع کر سکتے ہیں، چیف جسٹس کو پہلے ہی خط جا چکا ہے، اگر وہ سمجھتے ہیں تو کمیشن قائم کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں :