پاکستان
10 نومبر ، 2012

فرقہ واریت کی بنیاد پر خون بہانے کا قبیح فعل بند کیاجائے، الطاف حسین

فرقہ واریت کی بنیاد پر خون بہانے کا قبیح فعل بند کیاجائے، الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں شیعہ وسنی مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے طلباء اور افراد کے سفاکانہ قتل کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اوران واقعات کو شہر میں فرقہ وارانہ فسادات کی آگ بھڑکانے کی گھناوٴنی سازش قراردیا ہے ۔انہوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو ہدایت کی کہ وہ وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کرکے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہا ن کا اجلاس طلب کریں اور شہر میں بلاامتیاز وتفریق شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کیے جائیں ۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ قتل کسی شیعہ کا ہو یا سنی کا ہو یہ انسان کا قتل ہے اور ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے لہٰذا فرقہ واریت کی بنیاد پر بے گناہ شہریوں کا خون بہانے کا قبیح فعل بند کیاجائے اور بے گناہوں کوخاک وخون میں نہلاکر عذاب الہٰی کودعوت نہ دی جائے ۔جو عناصر بے گناہ شہریوں کو خاک وخون میں نہلانے کے ہولناک راستے پرچل رہے ہیں انہیں اپنے گھناوٴنے عمل پراللہ تعالیٰ سے معافی کا طلبگار ہونا چاہئے ۔ الطاف حسین نے تمام مکاتب فکر بالخصوص شیعہ وسنی علمائے کرام ،خطیب اورذاکرین سے انسانیت کے نام پر دردمندانہ اپیل کی وہ اپنے پیروکاروں اورطلباء کو پرامن رہنے ، صبروتحمل سے کام لینے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقراررکھنے کا درس دیں اور ایک دوسرے سے مل جل کر شہر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم کریں ۔انہوں نے علاقے کے مکینوں سے بھی اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے سلسلے میں اپنے اپنے علاقوں میں شیعہ وسنی افراد پر مبنی کمیٹیاں تشکیل دیں اور ایک دوسرے کی حفاظت کا بندوبست کریں تاکہ شہر میں وہی فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم کی جاسکے جو قیام پاکستان کے وقت قائم تھی ۔ الطاف حسین نے کراچی کے مختلف علاقوں میں شہریوں کے قتل کے واقعات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے سوگوارلواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلدومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔دریں اثناء الطاف حسین نے گورنر ہاوٴس فون کرکے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کو ہدایت دی کہ وہ فوری طورپر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے رابطہ کرکے شہر میں امن عامہ کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان کا ہنگامی اجلاس طلب کریں اور شہرمیں امن وامان کی صورتحال بہتربنانے اور بے گناہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔دریں اثناء الطاف حسین نے اقوام متحدہ کی جانب سے ملالہ سے اظہاریکجہتی کیلئے10نومبرکویومِ ِملالہ منانے کے اعلان کوخوش آئندقراردیاہے اور اسے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کیلئے مثبت اقدام قراردیتے ہوئے کہاکہ نہ صرف پوری پاکستانی قوم ہرقدم پرملالہ کے ساتھ ہے بلکہ پوری دنیاکے عوام بھی ملالہ کے ساتھ ہیں۔ ایک بیان میں انھوں نے یوم ِملالہ منانے کے اعلان پراپنی اورپوری پاکستانی قوم کی جانب سے اقوام متحدہ سے اظہارتشکرکیا۔انہوں نے ملالہ یوسف زئی،کائنات اورشازیہ کی صحت وسلامتی کیلئے دعا بھی کی۔

مزید خبریں :