11 نومبر ، 2012
اسلام آباد…عام انتخابات 2013ء کی تیاریوں کوحتمی شکل دینے کے لیے پیر کوالیکشن کمیشن کا اعلیٰ سطح اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ انتخابی فہرستوں کی تیاری، مستقل پولنگ اسٹیشنزکے قیام، انتخابی عملے کی تربیت، ضابطہ اخلاق کے نفاذ اور بیلٹ پیپرزکی چھپائی سمیت دیگر تمام انتخابی امور پر غور ہوگا۔ نادرا، پرنٹنگ کارپوریشن اور متعلقہ ادارے انتخابی تیاریوں پر بریفنگ دیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ انتخابات 2013ء کی تیاریوں کے جائزے کے لیے الیکشن کمیشن کے دو روزہ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنرز اپنے صوبوں میں لا اینڈ آرڈر کی مشکلات، انتخابی بجٹ اور پولنگ اسٹیشنز کے حوالے سے رپورٹیں پیش کریں گے۔