سڑک پر ہونے والے مظاہرے کمزور حکومتوں کو دباؤ میں لا سکتے ہیں: سربراہ ایم کیو ایم

فریش عوامی مینڈیٹ بہت ضروری ہے مگر اپنی سیاست کیلئے ملک کو معاشی بحران کے حوالے نہیں کرنا چاہیے: خالد مقبول صدیقی۔ فوٹو: فائل
فریش عوامی مینڈیٹ بہت ضروری ہے مگر اپنی سیاست کیلئے ملک کو معاشی بحران کے حوالے نہیں کرنا چاہیے: خالد مقبول صدیقی۔ فوٹو: فائل

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ سڑک پر ہونے والے مظاہرے کمزور  حکومتوں کو دباؤ میں لا سکتے ہیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی منڈی اور عالمی حالات کی وجہ سے متاثر ہیں، ایسی پالیسیاں اپنائی جائیں کہ نہ ملک کی معیشت پر اثر پڑے نہ غریب متاثر ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وقت آگیا ہے پاکستان میں براہ راست ٹیکس کا رواج، قانون اور کلچر اپنایا جائے، ٹیکس امیروں سے لیا جائے اور غریبوں پر لگایا جائے۔

آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سربراہ ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ نئے الیکشن کی تاریخ 17 اگست 2023 ہے، مقررہ وقت سے پہلے جب بھی حکومتوں کو لگے کہ عوام کی عدالت کے پاس چلے جانا چاہیے تو یہ ان کا حق ہے۔

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سڑک پر ہونے والے مظاہرے کمزور حکومتوں کو دباؤ میں لا سکتے ہیں، مضبوط حکومتوں کو نہیں، ہم بھی چاہتے ہیں کہ ایک فریش مینڈیٹ پوری قوم کے لیے بڑا ضروری ہے، مگر اپنی سیاست کیلئے ملک کو کسی معاشی بحران کے حوالے نہیں کرنا چاہیے۔

مزید خبریں :