پاکستان
12 نومبر ، 2012

قتل چاہے کسی شیعہ کاہویاسنی کاوہ قابل مذمت ہے ،الطاف حسین

قتل چاہے کسی شیعہ کاہویاسنی کاوہ قابل مذمت ہے ،الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاکہ قتل چاہے کسی شیعہ کاہویاسنی کاوہ قابل مذمت ہے اورجوعناصر بھی معصوم وبے گناہ انسانوں کو شیعہ اورسنی ہونے کی بنیادپر قتل کررہے ہیں وہ انسانیت کاقتل کررہے ہیں۔ایسے عناصرمسلمان توکجاانسان کہلانے کے مستحق نہیں۔ انہوں نے یہ بات اتوار کی شب ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروپر رابطہ کمیٹی سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کراچی میں فرقہ وارانہ قتل کے واقعات کی شدیدمذمت کرتے ہوئے ان پر دلی افسوس کااظہارکیا،اور کہاکہ ہرانسان کااپنامذہب اوراپناعقیدہ ہوتاہے اورہماراروز اول سے لوگوں کو یہی درس دیا ہے کہ” اپنے عقیدے کو چھوڑو نہیں اور دوسرے کے عقیدے کوچھیڑونہیں “۔ تمام عقائداورانکے ماننے والوں کااحترام کرو اوراس بات کویادرکھوکہ کسی بھی انسان کارنگ، نسل زبان، فقہ یا مذہب کچھ بھی ہو اس کاقتل پوری انسانیت کاقتل ہوتاہے ،ہم انسانیت پریقین رکھتے ہیں اورقتل کسی بھی جانب سے ہوہم کسی بھی بنیادپر اس کی حمایت نہیں کرسکتے ۔ ہمیں بحیثیت انسان ہردوسرے انسان کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہرممکنہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے توسط سے ایم کیوایم کے تمام سیکٹرزاورزونوں کوہدایت کی کہ تمام یونٹس شیعہ سنی فساد کی سازشوں کوناکام بنانے کے سلسلے میں اپنے اپنے علاقوں میں شیعہ اورسنی عوام کوجمع کرکے انہیں باہمی اتحادکوبرقراررکھنے کی اپیل کریں اوران سے کہیں کہ وہ افواہوں پریقین نہ کریں ، ان کی تصدیق کریں اور کسی بھی واقعہ پراشتعال میںآ نے کے بجائے صبروتحمل سے کام لیں اورامن عامہ اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھیں ۔ایم کیوایم کے ذمہ داران مساجد اورامام بارگاہوں میں جاکر آئمہ کرام اور زاکرین سے ملاقاتیں کریں اوران سے بھی اپیل کریں کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقراررکھنے کے سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں،لوگوں کوفسادکی ترغیب دینے والوں سے دوررہیں اورنئی نسل کومذہبی رواداری اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کی تعلیم دیں، فسادی عناصر شیعہ سنی فساد کی سازش کے تحت قتل وغارتگری کررہے ہیں مگریہ اللہ کاکرم ہے کہ تمام ترسازشوں کے باوجودماسوائے فسادی عناصرکی جانب سے کی جانے والی ٹارگٹ کلنگ کے علاوہ شیعہ سنی عوام آپس میں نہیں لڑرہے ہیں بلکہ وہ بھرپوراتحادکامظاہرہ کررہے ہیں۔الطاف حسین نے عوام سے دردمندانہ اپیل کی کہ وہ ہرقیمت پر اپنے اتحادکوبرقراررکھیں اورایک دوسرے کااحترام کریں۔انہوں نے ٹارگٹ کلنگزمیں جاں بحق ہونے والے افرادکیلئے دعائے مغفرت کی اورزخمیوں کی جلدصحتیابی کیلئے دعاکی ۔

مزید خبریں :