31 مئی ، 2022
کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن اسپارکو روڈ کے قریب فیکٹری کے باہر کھدائی کے دوران دو انسانی ڈھانچے برآمد ہوئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق موچکو تھانے کی حدود میں اسپارکو روڈ پر واقع فیکٹری کی انتظامیہ شیڈ ڈالنےکے لیے ایکسیویٹرکی مدد سے کھدائی کر رہی تھی کہ اس دوران دو افراد کی کھوپڑیاں اور ہڈیاں برآمد ہوئیں۔
اطلاع ملتے ہی موچکو پولیس موقع پر پہنچی اور انسانی باقیات کو قبضے میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق ہڈیاں 6 سے7 سال پرانی معلوم ہوتی ہیں، جن سے مرنے والوں کی عمروں کا تو اندازہ لگایا جاسکتا ہے مگر ان کی موت کی وجہ اندازوں سے معلوم کرنا مشکل ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہےکہ تمام ہڈیوں کو یکجا کرلیا گیا ہے، ان کا ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائےگا جس سے لاشوں کی جنس، عمر اور موت کی وجہ کا تعین کیا جاسکےگا۔
موچکو تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر چوہدری شاہد کے مطابق جس مقام سے یہ انسانی باقیات برآمد ہوئی ہیں اس سے تھوڑے فاصلے پر قبرستان بھی موجود ہے، یہ بھی اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر کسی دور میں اس مقام پر قبرستان ہو اور وہ قبریں سڑک یا تعمیرات کی بھرائی میں غائب کر دی گئی ہوں، ، اس سلسلے میں مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔