وفاقی بجٹ میں حکومت کی عمران خان کا ’صحت سہولت پروگرام‘ جاری رکھنے کی تجویز

آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں ’صحت سہولت پروگرام‘ کیلئے 2 ارب 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، دستاویز— فوٹو:فائل
آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں ’صحت سہولت پروگرام‘ کیلئے 2 ارب 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، دستاویز— فوٹو:فائل

وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کیلئے بجٹ تجاویز کو حتمی شکل دے دی۔

دستاویز کے مطابق بجٹ کا حجم 9 ہزار 500 ارب کے قریب ہوگا، قومی ترقیاتی بجٹ 2184 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے جبکہ پنجاب کا ترقیاتی بجٹ 585 ارب، سندھ کا 355ارب 38 کروڑ، خیبر پختونخواکا تقریباً 300 ارب، بلوچستان کا 143 ارب 53 کروڑ روپے مختص کیے جانے کی توقع ہے۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال صحت کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 12 ارب 4 کروڑ روپےمختص کرنےکی تجویز ہے جبکہ آئندہ مالی سال صحت کے 32 منصوبے جاری رکھنے اور ان منصوبوں کیلئے 11 ارب 44 کروڑ روپے کا بجٹ مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔

دستاویز کے مطابق وفاقی حکومت کی سابق وزیراعظم عمران خان کا صحت سہولت پروگرام جاری رکھنے کی تجویز ہے اور ’صحت سہولت پروگرام‘ کیلئے 2 ارب 50 کروڑ روپےمختص کرنے کی تجویز ہے جبکہ پمزمیں ایمرجنسی سینٹر کے جاری منصوبے کیلئے ایک ارب روپے اور اسلام آباد میں جناح اسپتال کی تعمیر کیلئے 2 ارب روپے  مختص کرنے کی توقع ہے۔

دستاویز میں کہا گیا ہے کہ سینٹر فارایکسیلینس فارگائنی راولپنڈی کیلئےایک ارب روپے مختص کرنے کی تجویز  ہے۔

دوسری جانب مالی سال 2021-22 کا قومی اقتصادی سروے کل جاری کیا جائےگا۔  معاشی شرح نمو 4.8 فیصد اور ہدف کے مقابلے 6 فیصد رہی، مہنگائی کو 8 فیصد تک محدود رکھنے کا ہدف پورا نہ ہوا اور 13 فیصد سے تجاوز کرگیا۔

مزید خبریں :