11 جون ، 2022
کراچی سے پشاور جانے والی نجی ائیرلائن کی پرواز پی اے 602 موسم کی خرابی کے باعث حادثے سے بال بال بچ گئی، پرواز ناہموار ہونے پر طیارے کے مسافروں میں خوف و ہراس کی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق یہ واقعہ 9 جون کو پیش آیا، جب پشاورکا موسم اچانک خراب ہونے اور ائیر پیکٹس کی وجہ سے طیارے کو فضا میں شدید جھٹکے لگے اور لینڈنگ سے کچھ دیر پہلے پرواز موسم کی خرابی کی وجہ سے شدید ناہموار ہوگئی۔
جیو نیوز کو موصول ویڈیو میں طیارے کے اندر مسافروں کو شدید پریشانی کے عالم میں دیکھا جاسکتا ہے۔
مسافر کلمہ طیبہ کا وِرد اور توبہ استغفار کرتے رہے، شدید چیخ پکار کے دوران بعض مسافر دوسروں کو پُرسکون رہنے کا کہتے رہے اور تسلیاں دیتے رہے۔
ذرائع کے مطابق طیارہ فضا میں کئی چکر لگانے کے بعد بحفاظت لینڈ ہونے میں کامیاب رہا۔
نجی ائیرلائن کے ترجمان کے مطابق موسم خراب ہونے کے باعث پرواز کو ائیر ٹربیولنس کا سامنا کرنا پڑا تاہم پروازکو کپتان نے بحفاظت لینڈ کرالیا، ترجمان کا کہنا ہے کہ پشاور اور کراچی کے درمیان پروازیں نارمل چل رہی ہیں۔