17 فروری ، 2012
کوئٹہ … بلوچستان سے سینیٹ کی نشستوں کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ بلوچستان سے سینیٹ کی 12 نشستوں کیلئے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل کوئٹہ کے صوبائی الیکشن کمیشن میں 2 روز جاری رہا، جس کے دوران 7جنرل، دو ،دو خواتین، ٹیکنوکریٹ اور ایک اقلیتی نشست کیلئے 51 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی گئی۔ جانچ پڑتال کے بعد بلوچستان سے سینیٹ میں خواتین کی نشستوں کے لئے بی این پی عوامی کی نسیمہ بی بی،جے یو آئی ف کی سبینہ روٴف، مسلم لیگ ق کی روبینہ عرفان، مسلم لیگ ن کی کشور احمد، اے این پی کی مہرالنساء ، پی پی پی کی پروین اختر مینگل، حنا گلزار اور آزاد امیدواروں فرح عظیم شاہ، راحیلہ درانی، نسرین کھیتران اور پری گل آغا کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیئے گئے۔ اسی طرح ٹیکنوکریٹ کی نشستوں کیلئے پی پی پی کے روزی خان کاکڑ، ق لیگ کے تاج محمد بازئی، جے یو آئی ف کے مفتی عبدالستار اور کامران مرتضیٰ، ن لیگ کے آغا فیصل، اے این پی کے عبدالجبار کاکڑ، آزاد امیدوار بسنت لال گلشن اور راحیلہ درانی کے کاغذات نامزدگی بھی درست قرار دیئے گئے جبکہ اقلیتی نشست کیلئے مسلم لیگ ق کے بسنت لال گلشن، اے این پی کی بینش سکندر، جے یو آئی ف کے ہیمن داس اور آزاد امیدواروں ڈاکٹر اشوک کماراور رمیش کمار کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیئے گئے۔ کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور کیے جانے کے خلاف اپیلیں 20 اور 21فروری کو دائر کی جاسکیں گی۔