Time 16 جون ، 2022
پاکستان

پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنےکا حکم کالعدم قرار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ  نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک ماہ میں کرنےکا سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔

چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ اور جسٹس بابر ستار نے ایک ماہ میں فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کرنے اور تمام جماعتوں کی فنڈنگ کا فیصلہ ایک ساتھ کرنےکی پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ سنایا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی انٹرا کورٹ اپیل جزوی طور پر منظور کرلی۔

عدالت عالیہ نے ایک ماہ میں فیصلہ دینےکی حد تک سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے تمام سیاسی جماعتوں کی ممنوعہ فنڈنگ کی تحقیقات ساتھ کرنےکی پی ٹی آئی کی درخواست نمٹادی۔

فیصلے میں عدالت کا کہنا تھا کہ عدالت امید کرتی ہے کہ الیکشن کمیشن باقی جماعتوں کے خلاف کارروائی بھی مناسب وقت میں مکمل کرےگا، عدالت امیدکرتی ہے کہ کارروائی شفاف انداز میں آگے بڑھائی جائےگی۔

عدالت کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ابھی تک کوئی آرڈرپاس نہیں کیا، الیکشن کمیشن نے یقین دہانی کرائی کہ  سب سیاسی جماعتوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی آگے بڑھائی جائےگی۔

خیال رہےکہ دو روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایک ماہ میں ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کرنےکے خلاف انٹرا کورٹ اپیل پر دلائل مکمل ہوجانےکے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

مزید خبریں :