حکومت قیمتِ خرید پر پیٹرولیم مصنوعات شہریوں کو مہیا کر رہی ہے، احسن اقبال

یوکرین روس جنگ کے سبب عالمی سطح پر پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ہم نے پاکستان کیلئے اپنی سیاست کو قربان کیا، وفاقی وزیر— فوٹو: فائل
یوکرین روس جنگ کے سبب عالمی سطح پر پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ہم نے پاکستان کیلئے اپنی سیاست کو قربان کیا، وفاقی وزیر— فوٹو: فائل

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ حکومت اب بھی قیمتِ خرید پر پیٹرولیم مصنوعات شہریوں کو مہیا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین روس جنگ کے سبب عالمی سطح پر  پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، پاکستانی معیشت پر گزشتہ حکومت کے افراد کسی بھی سطح پر مباحثے کے لیے آ جائیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو استحکام کی ضرورت تھی اس لیے مشکل فیصلہ کیا، ہم نے پاکستان کیلئے اپنی سیاست کو قربان کیا، پاکستان کو  بچانا ضروری تھا، عمران خان انتشار کی سیاست کررہے ہیں، عمران خان ممنوعہ فنڈنگ کے ذریعے انارکی پھیلا رہے ہیں۔

پریس کانفرنس میں احسن اقبال نے مزید کہا کہ نہایت بوجھل دل کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے، ترقیاتی بجٹ ایک ہزار ارب پر چھوڑ کر گئے اس وقت ساڑھے 500 ارب تک اسے پہنچا دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی حکومت آئی ایم ایف سے سبسڈی ختم کرنے اور ٹیکس عائد کرنے کا وعدہ کر کے گئی، ہم حکومت میں آئے تو ہمیں معلوم تھا کہ کن مسائل کا شکار ہونا پڑے گا، ہم چاہتے تو سیاست بچاتے اور الیکشن کروا دیتے، اس سے ملک کو مزید نقصان ہوتا، عمران خان اور ان کے کارکن ملکی اداروں بالخصوص افواج کے خلاف مہم جوئی کر رہے ہیں، عمران خان کی منفی سیاست سے ملک اور ملکی اداروں کو نقصان ہو رہا ہے۔

مزید خبریں :