14 نومبر ، 2012
اسلام آباد … وفاقی کابینہ نے انتخابی اصلاحات کے ترمیمی بل 2012 کی منظوری دیدی، بل میں انتخابی ضابطہ اخلاق بھی شامل ہے، کایبنہ نے دیگر 3 بل بھی منظور کرلئے ہیں۔ وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی سربراہی میں ہوا جس میں انتخابی اصلاحات ترمیمی بل 2012 ء، لینڈ سرونگ اینڈ میپنگ ترمیمی بل 2012ء، جیوئینائل جسٹس سسٹم ترمیمی بل 2012 اور فارن ایکس چینج ریگولیشنز ایکٹ 1947ء کے ترمیمی بل کی منظوری دے دی ہے۔ ذرائع کے مطابق انتخابی اصلاحات ترمیمی بل 2012 ء میں انتخابی ضابطہ اخلاق بھی شامل ہے۔ بل کے مطابق سرکاری دوروں کے دوران صدر، نگراں وزیراعظم، گورنرز انتخابی مہم نہیں چلاسکیں گے جبکہ فوج سمیت آئینی اداروں پر کسی کو تنقید کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایم این ایز کیلئے انتخابی اخراجات کی حد 15 لاکھ سے بڑھا کر 50 لاکھ جبکہ ایم پی اے کے انتخابی اخراجات 10 لاکھ سے بڑھا کر 30 لاکھ روپے کرنے کی تجاویز بھی بل کے مسودہ میں شامل ہیں۔ دوسری جانب قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف نے قومی احتساب کمیشن بل منظور کرلیا۔