دنیا
Time 23 جون ، 2022

شیو سینا کے سربراہ اور وزیراعلیٰ مہاراشٹرا اودے ٹھاکرےکیخلاف پارٹی میں بغاوت ہوگئی

اکناتھ شندے پارٹی کے 35 ارکان اسمبلی کو لے کر آسام کے شہر گوہاٹی کے ایک ہوٹل میں بیٹھے ہوئے ہیں،فوٹو: بھارتی میڈیا
اکناتھ شندے پارٹی کے 35 ارکان اسمبلی کو لے کر آسام کے شہر گوہاٹی کے ایک ہوٹل میں بیٹھے ہوئے ہیں،فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت میں ہندو انتہا پسند تنظیم شیوسینا کے سربراہ اور  ریاست مہاراشٹرا کے وزیراعلیٰ   اودے ٹھاکرےکے خلاف پارٹی میں بغاوت ہوگئی۔

بغاوت کی سربراہی شیوسینا کے اہم رہنما اور وزیر اکناتھ شندےکر رہے ہیں جو کہ پارٹی کے 35 ارکان اسمبلی کو لے کر شمال مشرقی ریاست آسام کے شہر گوہاٹی کے ایک ہوٹل میں بیٹھے ہوئے ہیں، ان کے ساتھ دیگر پارٹیوں کے 7 ارکان بھی موجود ہیں، اس طرح ان کے پاس موجود ارکان کی تعداد 42 ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اکناتھ شندے بی جے پی کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کے حق میں ہیں اور  ان کا مطالبہ ہےکہ شیو سینا کانگریس اور نیشنل کانگریس پارٹی سے اتحادی  حکومت ختم کرے۔

 شندے کے حامی اراکین اسمبلی کو چارٹرڈ طیاروں میں مہاراشٹرا سے آسام منتقل کیا گیا، پولیس ان ممبران کو میڈیا سے بچاتے اور  بھگاتے ہوئے ائیرپورٹ کے اندر لےکرگئی۔

شیو سینا کے باغی ارکان نے گورنر مہاراشٹرا کے نام لکھےگئے خط میں اکناتھ شندے کو اپنا لیڈر قرار دے دیا ہے۔

نئی صورت حال کے بعد مہاراشٹر ا کے وزیراعلیٰ اودے ٹھاکرے وزیراعلیٰ ہاؤس چھوڑ کر اپنے ذاتی گھر منتقل ہوگئے۔

اودے ٹھاکرےکا کہنا ہےکہ دوسروں کے کہنے پر نہیں بلکہ اپنےکارکنان کےکہنے پرمستعفی ہونے اور پارٹی چیف کا عہدہ  چھوڑنےکو تیار ہوں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اکناتھ شندےکا دعویٰ ہے کہ وہ اپنی پارٹی کے مفاد میں یہ کام کر رہے ہیں، وہ شیو سینا سے علیحدہ نہیں ہو رہے اور وہ سب شیو سینا کے بانی سربراہ بال ٹھاکرے کے ہندو قوم پرست نظریات کا پرچار کرتے رہیں گے۔

دوسری جانب بی جے پی نے مہاراشٹرا کے سیاسی بحران کو ریاست کا اندرونی معاملہ قرار دیتے ہوئےکہا ہےکہ  اس معاملے سے پارٹی کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔

ادھر شیو سینا کے سینیئر رہنما سنجے روات نے الزام لگایا ہےکہ بغاوت کے پیچھے مرکز میں بر سراقتدار بی جے پی کا ہاتھ ہے۔

سنجے روات کا کہنا ہےکہ اگر اکناتھ شندے پارٹی سے مخلص ہیں اور اس کا حصہ رہنا چاہتے ہیں تو 24 گھنٹوں میں واپس ممبئی آجائیں اور اپنے مطالبات پیش کریں۔

مزید خبریں :