دنیا
Time 25 جون ، 2022

ناروے کے دارالحکومت میں فائرنگ کا واقعہ دہشت گردی قرار

اوسلو میں گزشتہ رات فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے تھے۔ فوٹو: ای پی اے
اوسلو میں گزشتہ رات فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے تھے۔ فوٹو: ای پی اے

ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں فائرنگ کے واقعے کو پولیس نےمذہبی انتہا پسندی پر مبنی دہشت گردی قرار دے دیا ہے۔

حکام کی جانب سے فائرنگ کے واقعے کے بعد اوسلو میں الرٹ لیول بڑھا دیا گیا ہے، اوسلو پولیس کی جانب سے فائرنگ کے الزام میں زیر حراست مشتبہ ملزم کے ذہنی بیمار ہونے کی میڈیکل ہسٹری کی تصدیق کر دی گئی ہے جبکہ پولیس نے گرفتار ہونے والے ایرانی نژاد نارویجین شہری کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

خیال رہے کہ اوسلو میں گزشتہ رات ’لندن پب‘ نامی شراب خانے کے باہر اور اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا تھا، یہ شراب خانہ ہم جنس پرستوں میں کافی مقبول ہے۔ اس واقعے میں 2 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے تھے جس کے بعد پولیس نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا تھا۔

نارویجین وزیراعظم نے واقعے کو  معصوم اور بے گناہ لوگوں پر خطرناک اور بے حد چونکا دینے والا حملہ قرار دیا ہے۔

واقعے کے بعد اوسلو پولیس نے شہر میں ممکنہ حملے کے پیش نظر الرٹ لیول بڑھا دیا ہے جبکہ تحقیقات کے دوران جائے وقوع سے آٹومیٹک گن سمیت دو ہتھیار برآمد ہوئے ہیں جس کے بعد پولیس حکام کی جانب سے خلاف معمول پولیس اہلکاروں کو تاحکم ثانی مسلح کردیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں، ابتدائی شواہد سے واقعہ دہشتگردی کی کارروائی معلوم ہوتا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعہ ہم جنسوں پرستوں کے پب کے باہر  پریڈ سے پہلے ہوا ہے جس سے اس بات میں کوئی شک نہیں کہ یہ کارروائی ہم جنس پرستوں کے خلاف کی گئی تاہم ابھی تک یقین سے نہیں کہا جا سکتا کہ حملے کا مقصد ہم جنس پرستوں کی پریڈ کو نشانہ بنانا تھا یا اس کے پیچھے کوئی اور محرکات تھے۔

واقعہ ہم جنسوں پرستوں کے پب کے باہر ہم جنس پرست پریڈ سے پہلے ہوا ہے: پولیس  فوٹو گوگل میپ
واقعہ ہم جنسوں پرستوں کے پب کے باہر ہم جنس پرست پریڈ سے پہلے ہوا ہے: پولیس  فوٹو گوگل میپ

پولیس کی جانب سے 42 سالہ مشتبہ ایرانی نژاد نارویجین شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔ نارویجن خفیہ اداروں کے مطابق زیر حراست شخص 2015  سے ‘مشتبہ مذہبی شدت پسند’ کے طور پر ان کی واچ لسٹ پر موجود تھا جبکہ پولیس کی جانب سے زیر حراست مشتبہ ملزم کے ذہنی بیمار ہونے کے حوالے میڈیکل ہسٹری کی تصدیق کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں :