15 نومبر ، 2012
لاہور…پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کی کمیونسٹ پارٹی کی نئی قیادت کے انتخاب پر چینی عوام کو مبارکباد دی ہے اورکہا ہے کہ نئی نسل کو پر امن اور ہموار طریقے سے قیادت کی منتقلی عظیم چینی قوم کے لازوال اتحاداور پارٹی سر براہان کی ذہانت اورسیاسی پختگی کا ٹھوس ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو گزشتہ کئی دہائیوں سے چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ساتھ شاندار اور برادرانہ تعلقات کا اعزاز حاصل ہے اور ہم اس تاریخی موقع پرانہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنے ملک کی عوام کے شانہ بشانہ کمیونسٹ پارٹی کی اس نئی دوراندیش اورولولہ انگیز قیادت کوخوش آمدید کہتی ہے جس کے بانی قائدین نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات کی بنیاد رکھی تھی اور امید کرتی ہے کہ نئی قیادت کے تحت عظیم چینی قوم اپنے عروج اور کامیابی کے سفر کو جاری و ساری رکھے گی۔