16 نومبر ، 2012
کراچی…کراچی اور کوئٹہ میں مختلف موبائل فون نیٹ ورکس کی سروس معطل ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے کوئٹہ اور کراچی میں دہشت گردی کے خدشے کے پیش نظر آج صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک موبائل فون سروس معطل کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد کراچی اور کوئٹہ میں موبائل نیٹ ورک سروس معطل ہوگئی ہے۔ موبائل سروس معطل ہونے سے شہریوں کو رابطے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس مشیر عالم کی جانب سے کراچی میں موٹرسائیکل چلانے پر پابندی کے احکامات معطل کیے جانے کے بعد آج صبح کراچی کی سڑکوں پر موٹر سائیکلیں رواں دواں ہیں جبکہ کوئٹہ میں موٹر سائیکل چلانے پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد جاری ہے،پابندی شام سات بجے تک برقرار رہے گی۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق کوئٹہ میں رجسٹرڈ موٹرسائیکلوں کی تعداد سوا لاکھ سے زائد ہے، موٹرسائیکل چلانے پر پابندی کے باعث شہریوں خاص طور پر طالب علموں کو دشواری کاسامنا ہے جبکہ صورت حال کے پیش نظر بعض تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ہیں، جبکہ سرکاری و نجی ملازمین کو بھی دفاتر پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔