18 فروری ، 2012
پارا چنار…کرم ایجنسی کے علاقے پارا چنارمیں جمعے کو ہونے والے خودکش دھماکے اور فائرنگ میں زخمی ہونیوالے مزید 6افرادچل بسے۔جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 36 ہوگئی ہے۔واقعہ کے خلاف پا راچنارمیں کاروباری مراکز سوگ میں بند ہیں۔ذرائع کے مطابق پاراچنار میں گزشتہ روزجمعہ کی نماز کے بعد مسجد کے باہر ہونیوالے خودکش بم دھماکہ اور بعد ازاں مشتعل مظاہرین پر پولیس کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے مزید 6فراد زخموں کی تاب نہ لاکر پشاور اور پاراچنارکے مختلف اسپتالوں میں دم توڑ گئے۔ذرائع کے مطابق اس وقت مختلف اسپتالوں میں 67مریض زیر علاج ہیں۔طوری قبائل کے رہنما حاجی حامد طوری کے مطابق پاراچنار واقعہ کے خلاف عمائدین کا جرگہ طلب کرلیاگیا ہے۔ جس میں واقعہ کی ذمہ داری قبول کرنے والے شدت پسند کمانڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے سمیت مختلف اقدامات اٹھانے پر غور کیا جائے گا۔ جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین آج ان کے آبائی علاقوں میں کی جائے گی۔جبکہ سوگ میں پاراچنار کے تمام بازار اور کاروباری مراکز بند ہیں۔