05 جولائی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے پنجاب حکومت کی جانب سے 100 یونٹ مفت بجلی کے اعلان پر سپریم کورٹ کو خط لکھ دیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر مرکزی نائب صدر فواد چوہدری کی جانب سے سپریم کورٹ کو لکھےگئے خط میں کہا گیا ہےکہ پنجاب کو بحران سے نکالنے کے لیے وزیراعلیٰ کا فارمولا سیاسی فوائدکے لیے ہے، یہ فیصلہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ عدالت نے انہیں حکم دیا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب 22 جولائی تک صرف ضابطے کے اختیارات استعمال کریں گے۔
ان کا کہنا ہےکہ حمزہ کا مفت بجلی دینےکا پیکج ایک جعلی پیکج ہے، اس کا مقصد عدالت سے حاصل ریلیف کو سیاسی فائدے کے لیے استعمال کرنا ہے۔
خیال رہےکہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے گزشتہ روز صوبے میں 100 یونٹ تک استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کو مفت بجلی دینےکا اعلان کیا تھا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جب بجلی کا بل آتا ہے تو قیامت ڈھاتا ہے، پچھلے6 ماہ میں جنہوں نے 100 یونٹ بجلی استعمال کی ہے، پنجاب حکومت انہیں مفت بجلی فراہم کرے گی، 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کے بل کا خرچہ اگست سے پنجاب حکومت اٹھا ئےگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہم ضرورت مند افراد کو سولر پینل مفت فراہم کریں گے، اجالا پروگرام کے ذریعے ضرورت مندوں کو مفت سولر پینل دیں گے، پنجاب حکومت نے سستی بجلی فراہم کرنے کے لیے 100 ارب روپے رکھے ہیں، اس سے 90 لاکھ خاندانوں کو فائدہ ہوگا۔