18 نومبر ، 2012
غزہ … اسرائیلی فوجی بربریت کا سلسلہ سلسلہ جاری ہے اور صہیونی طیاروں کی تازہ بمباری میں مزید 2 فلسطینی شہید اور 10 زخمی ہوگئے ہیں، 4 روز میں جاں بحق افراد کی تعداد 48 تک پہنچ گئی، 400 سے زائد زخمی ہیں جبکہ اسرائیل فوج نے شام کے علاقے میں بھی گولہ باری کی ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اتوار کی رات اسرائیلی طیاروں نے غزہ میں میڈیا کی عمارت کو نشانہ بنایا، جہاں 2 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب اسرائیل فوج نے شام کے سرحدی علاقے میں بھی گولہ باری کی ہے تاہم حملے میں کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاعات نہیں ملیں، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شام نے فوجی گاڑی پر فائرنگ کی جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔ واضح رہے کہ 4 روز سے جاری حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 48 ہوگئی ہے جبکہ 400 سے زائد افراد زخمی ہیں، شہید اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔