20 جولائی ، 2022
برطانیہ کی 21 سالہ کوہ پیما ایڈریانا براونلی نے دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک کو سر کرلیا، وہ 8 ہزار میٹر سے بلند 9چوٹیوں کو سر کرنے والی دنیا کی کم عمر ترین ماؤنٹینیئر بن گئی ہیں۔
الپائن کلب آف پاکستان کے مطابق بدھ کی صبح ایڈریانا سمیت کم از کم 5 غیر ملکی کوہ پیماؤں نے براڈ پیک کو کامیابی سے سر کیا جن میں پولینڈ کی ڈورٹو لیڈیا سیموکو، برازیل کے موسیس فیامونکی، نیپال کے گیلجی شیرپا اور ڈاوا نوربو شیرپا شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق ایڈریانا کی ٹیم نے جیو نیوز کو بتایا کہ 21 سالہ برطانوی کوہ پیما نے صبح 5 بجے کیمپ تھری سے حتمی سمٹ کی جانب پیش قدمی شروع کی تھی۔ایڈریانا نے اس ماہ کے شروع میں پاکستان میں نانگا پربت کو بھی سر کیا تھا۔
یہ ان کے کیرئیر کی نویں 'ایٹ تھاؤزنڈر' ہیں اور وہ یہ کارنامہ انجام دینے والی کم عمر ترین کوہ پیما ہیں۔ براڈ پیک اور نانگا پربت سے قبل انہوں نے ماؤنٹ ایوریسٹ، کنچن جونگا، لوٹسے، مکالو، داؤلاگیری، مناسلو اور اناپورنا ون کو سر کیا تھا۔
پاکستان کے 20 سالہ شہروز کاشف اب تک 8 ہزار میٹر سے بلند 8 چوٹیاں سر کر چکے ہیں اور اس سیزن میں وہ گیشربرم ون اور گیشر برم ٹو سر کرنے کیلئے اس وقت بیس کیمپ پر موجود ہیں۔
شہروز کاشف اور ایڈریانا دونوں ہی 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما بننے کا عزم رکھتے ہیں۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ فرانس کے کوہ پیما بینجمن ویڈرائنز نے 7گھنٹے میں بیس کیمپ سے براڈ پیک کے ٹاپ تک کا سفر کیا ۔ اگر اس دعویٰ کی سرکاری تصدیق ہوجاتی ہے تو یہ براڈ پیک پر تیز ترین چڑھائی کا نیا ریکارڈ ہوگا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کی 16 سالہ کوہ پیما عیشا ساجد بھی براڈ پیک پر موجود ہیں، بدھ کو وہ کیمپ ون سے کیمپ ٹو پر آگئیں اور جلد کیمپ تھری پر جائیں گی ۔
کے ٹو پر متعدد پاکستانی کوہ پیما سمیت 100 سے زائد ماؤنٹینیئرز اگلے دو روز میں سمٹ کریں گے، پاکستان کی نائلہ کیانی اس وقت کیمپ تھری پر موجود ہیں جبکہ ثمینہ بیگ کیمپ فور پر ہیں۔
کیمپ فور سے ٹاپ تک روپ فکس ہونے میں کچھ تاخیر ہوئی ہے تاہم کہا جارہا ہے کہ اگلے دو روز میں نائلہ اور ثمینہ سمیت متعدد ماؤنٹینیئرز کے ٹو کے ٹاپ پر پہنچ جائیں گے۔