پاکستان
18 نومبر ، 2012

فلسطینی عوام شہیدہورہے ہیں،آخراقوام متحدہ کہاں ہے،الطاف حسین

 فلسطینی عوام شہیدہورہے ہیں،آخراقوام متحدہ کہاں ہے،الطاف حسین

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ غزہ اوردیگرفلسطینی شہروں پر اسرائیل کی جانب سے بمباری ہورہی ہے جن میں معصوم فلسطینی بچے، عورتیں، نوجوان اور بوڑھے شہیدہورہے ہیں،آخراقوام متحدہ کہاں ہے؟اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کہاں ہے؟ فلسطینیوں کے قتل عام پر او آئی سی کا کرداربھی نہایت شرمناک اورافسوسناک ہے جو فلسطینیوں کاقتل عام بندکرانے کیلئے محض نمائشی اجلاس کررہی ہے۔ حکومت وقت کافرض ہے کہ وہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپورطریقے سے احتجاج کرے اور اقوام متحدہ اورسلامتی کونسل سے ڈٹ کر کہے کہ وہ فلسطینی عوام پر برسوں سے ہونے والے ظلم کو بند کرائیں ورنہ اقوام متحدہ کی رکنیت اپنے پاس رکھے۔ اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون، امریکہ کے صدربارک اوباما، برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون،نیٹوممالک اورویٹو پاور رکھنے والے ممالک انسانیت کے ناطے فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کوفی الفوربندکرائیں۔ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت پر سیاسی جماعتوں ومذہبی جماعتوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ میرے سامنے مظلوم فلسطینیوں پر ظلم ہورہاہے تومیں یہ دیکھ کراسلئے خاموش نہیں رہ سکتاکہ اسرائیل بہت طاقتورہے اوروہ مجھ تک پہنچ جائے گا۔ میں صرف اللہ تعالیٰ سے ڈرتاہوں، ظلم کوظلم کہتارہوں گا ۔انہوں نے اعلان کیاکہ جلدہی تمام مکاتب فکرکے عوام ملکراسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک پرامن احتجاجی جلوس نکالیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے غزہ اوردیگرفلسطینی شہروں پر اسرائیلی بمباری کے خلاف اسلام آباد میں ”فلسطین پراسرائیلی جارحیت…اقوام عالم کی ذمہ داری“ کے عنوان سے ایم کیوایم کے تحت منعقدہ کانفرنس سے ٹیلی فونک خطاب میں کیا۔ کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام ، مفتیان کرام اور مشائخ عظام کے علاوہ مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماوٴں ، دانشوروں، اینکرپرسنز،دینی وصحافتی تنظیموں اوراین جی اوز کے نمائندوں،تاجروں اورمختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ٹیکنوکریٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان،ایم کیوایم کی سینٹرل ایگزیکٹو کونسل کے ارکان، حق پرست ارکان اسمبلی اورایم کیوایم کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔اپنے خطاب میں الطاف حسین نے میں اللہ کی مخلوق کی حیثیت سے ان سے نفرت نہیں کرتا بلکہ ان سے بھی اسی طرح پیارکرتا ہوں جس طرح اپنے کلمہ گو مسلمان بھائیوں سے کرتا ہوں۔ہمارے ذہنوں میں قادیانیوں کیلئے نفرت بٹھائی گئی ہے لیکن میں کسی بھی قادیانی یا یہودی سے بھی نفرت نہیں کرتا اوراللہ کی مخلوق کی حیثیت سے انکی زندگیوں کا بھی احترام کرتا ہوں لیکن جب بات یہ ہو کہ کوئی یہودیت کا لبادہ اوڑھ کر صیہونیت کا راستہ اختیار کرے اورنہتے مسلمانوں پر ظلم وستم کو اپنی عبادت کا جزو بنالے تو بحیثیت مسلمان میں انہیں ظالم قراردیتا ہوں۔ میرے والدین نے ہمیشہ مجھے سچ بولنے کی ترغیب دی ہے اور تلقین کی کہ اگر حق وباطل کے درمیان ساتھ دینے کا مسئلہ آجائے تویہ مت دیکھنا کہ کو ن کتنی تعداد میں ہے بلکہ یہ دیکھنا کون حق پر ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں شیعہ اور سنی افراد کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس پر مجھے بہت افسوس ہے ، ان میں میرا کوئی رشتہ دار نہیں ہے ، میں نے اہل تشیع کے قتل کے خلاف آواز بلند کی تو مجھے ایرانی ایجنٹ کہا گیا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون، امریکہ کے صدربارک اوباما، برطانیہ کے وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون،نیٹوممالک اورویٹو پاور رکھنے والے ممالک سے اپیل کی کہ وہ انسانیت کے ناطے فلسطینی عوام پر اسرائیلی مظالم کوفی الفوربندکرائیں ۔اپنے خطاب کے آخرمیں انہوں نے دعاکی کہ اللہ تعالیٰ مظلوم فلسطینیوں کی غیب سے مددفرمائے، ان پر اپنارحم وکرم نازل فرمائے اوراسرائیل کی رسی کوکھینچ لے۔





مزید خبریں :