پاکستان
18 نومبر ، 2012

عباس ٹاؤن: امام بارگاہ کے قریب بم دھماکا، الطاف حسین کی مذمت

عباس ٹاؤن: امام بارگاہ کے قریب بم دھماکا، الطاف حسین کی مذمت

لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے علاقے عباس ٹاؤن میں امام بارگاہ کے قریب بم دھماکے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور بم دھماکے میں متعددافراد کی شہادت اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں امام بارگاہ کے قریب دہشت گردی کی یہ مذموم کارروائی فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضاء سبوتاژ کرکے شہر کا امن تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش کا حصہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امام بارگاہ کے قریب بم دھماکہ کرنے کا عمل بزدلانہ ہے اورمحرم الحرام میں بم دھماکوں ، دہشت گردی اور فائرنگ کے واقعات کرکے بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے ہم میں سے نہیں ہیں اور ملک و قوم سمیت دین اسلام کے کھلے دشمن ہیں ۔ انہوں نے شیعہ و سنی علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے واقعات پر صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقرار رکھیں، باہمی اتحاد ، مذہبی روداری اور بھائی چارے کا مظاہرہ کرکے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیں ۔ انہوں نے بم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیا اور شہداء کے بلند درجات اورزخمی ہونے والے افراد کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ،و فاقی وزیرد اخلہ رحمان ملک ، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اوروزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ عباس ٹاؤن میں امام بارگاہ پر بم دھماکے کا سنجیدگی سے نوٹس لیاجائے ،محرم الحرام میں مجالس ، امام بارگاہوں اور جلوسوں کی گزرگاہوں پر سخت حفاظتی اقدامات کئے جائیں اور بم دھماکے میں ملوث دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرتناک سزا دی جائے ۔

مزید خبریں :