18 فروری ، 2012
لاہور . . . . . امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے امریکی ایوان نمائندگان میں بلوچستان کو حق خود ارادیت دلانے کیلئے پیش کی گئی قرار داد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے اندرونی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت کر رہا ہے۔ لاہور سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امریکا ایک طرف ڈرون حملے کر کے پاکستانی حدود کی خلاف ورزی کر رہا ہے تو دوسری جانب ملک کو توڑنے کی سازش کر رہا ہے۔ سید منور حسن کا کہنا تھا کہ امریکی قرار داد سے واضح ہو گیا ہے کہ امریکا اور بھارت مل کر بلوچستان میں قوم پرستوں کی حمایت کرنے کے ساتھ ان میں اسلحہ اور پیسہ تقسیم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قرار دادیں بھی موجود ہیں، ان پر عملدرآمد کے لئے امریکا بھارت پر دباوٴ کیوں نہیں ڈالتا۔