04 اگست ، 2022
عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کیے جانے والے احتجاج کی وجہ بتاتے ہوئے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
ریحام خان ٹوئٹر پر کافی متحرک رہتی ہیں اور ساتھ ہی وہ پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بھی بناتی رہتی ہیں۔
اب ریحام خان نے پی ٹی آئی کی احتجاج کی کال پر ٹوئٹ کی جس میں انہوں نے کہا کہ 'کل پاکستانی روپیہ مستحکم اور اسٹاک مارکیٹ اوپر گئی ہے اور یہ بات تحریک انتشار کو ہضم نہیں ہوئی اس لیے انہوں نے آج الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کی کال دے دی ہے'۔
ریحام نے تحریک انصاف کو نا اہل قرار دیتے ہوئے کہا 'تاریخ نے ثابت کیا ہے مولانا اسرار اور حکیم سعید نے بہت عرصہ پہلے ہمیں پاکستان کے فتنہ عظیم کے متعلق آگاہ کیا تھا'۔
انہوں نے کہا 'اب بھی وقت ہے کہ یہ قوم اس فتنہ کے خلاف آواز اٹھائے، یہ شخص کرسی کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتا ہے '۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے خلاف آج احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ الیکشن کمشنر نے ہمیں فارن فنڈڈ کہہ کر ہماری توہین کی ہے۔