20 نومبر ، 2012
اسلام آباد…ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ پورے ملک میں جرائم مافیااورانتہاپسندوں کاگٹھ جوڑہے، سیاسی جماعتوں کواپنے مفادات بالائے طاق رکھنا ہوں گے، پہلے مرحلے میں اسلحے کی فیکٹریوں کو ختم کیا جائے، پھرجہاں سے اسلحے کی ترسیل ہورہی ہے اس کو روکنا ہے۔ قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ قومی اسمبلی میں ملک کو اسلحے سے پاک کرنے کی قرارداد مکمل اتفاق رائے سے منظورہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں اسلحے کی ریل پیل ہے،یہ اسلحہ کہاں سے آرہا ہے؟، کھلے عام اسلحے کی نمائش کی جارہی ہے، ملک میں اسلحہ ختم کیاگیاتوکراچی بھی اسلحے سے پاک ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ علامت کے ساتھ مرض کا بھی علاج ہونا چاہئے، اسلحے کی پروڈکشن،مینوفیکچرنگ اورترسیل کو روکیں، اگراسلحہ فرشوں کیخلاف کارروائی نہیں ہوگی توملک اسلحے سے پاک نہیں ہوسکتا۔ فاروق ستار نے کہا کہ عوام ائندہ انتخبات میں متوسط طبقے کے لوگوں کو آگے لائیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ ملک میں شیعہ سنی فسادات کرانے کی کوشش کی جارہی ہیں، معصوم اوربیگناہ پاکستانیوں کوشہید کیا جارہا ہے۔ فاروق ستارنے کہا کہ قرارداد کی منظوری کے بعدبل بھی منظورکرنا چاہئے۔