18 فروری ، 2012
کراچی . . . . . بلوچستان کے بعض علاقوں میں بارش اور برف باری جاری ہے جبکہ کل سے ملک کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برف باری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو بدھ تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے بدھ کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بارانی علاقوں میں تیز بارش کی توقع ہے،جبکہ مری گلیات میں اتوار کی رات سے بدھ کے دوران سیزن کی مزید برف باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اگلے چوبیس گھنٹوں میں راولپنڈی، اسلام آباد، سرگودھا ڈویژن، شمال مشرقی بلوچستان، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔ کالام منفی 10 ڈگری سینٹی گریڈکے ساتھ سرد ترین مقام رہا۔ کوئٹہ صفر ، اسلام آباد 4 ، لاہور 5، پشاور 8 اور کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ پارا چنار میں 1 فٹ اور مالم جبہ میں 6 انچ برف باری ہوئی۔