21 نومبر ، 2012
کوئٹہ … کوئٹہ میں بم دھماکے میں 3 سیکیورٹی اہلکاروں اور ایک خاتون راہگیر سمیت 5 افرادجاں بحق جبکہ 7 اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کے نواحی علاقے شہباز ٹاون میں سیکیورٹی فورس کی گاڑی کے قریب ہوا، دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس سے سیکیورٹی کی گاڑی اور قریب موجود 3 گاڑیوں اور 2 موٹر سائیکلوں کو شدید نقصان پہنچا۔ دھماکے سے سیکیورٹی فورس کی گاڑی میں موجود 3اہلکار جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے، جبکہ اس کی زد میں آکر خاتون سمیت 2 راہگیر جاں بحق اور 13 مزید زخمی ہوگئے۔ دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جبکہ دھماکے سے قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور دکانوں اور عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دھماکے میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا، دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ صوبائی سیکریٹری داخلہ اکبر درانی نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایاگیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دھماکے سے سیکیورٹی فورسز کا مورال کم نہیں ہوا اور اس طرح کے واقعات کا سد باب کیاجائے گا جبکہ سی پی او کوئٹہ میر زبیر محمود کا کہنا تھا دھماکے میں خود ساختہ بم استعمال کیاگیا تھا، دھماکے کے شواہد جمع کئے جارہے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہم لوگ جنگ کی حالت میں ہیں، امن وامان کی صورتحال کے پیش نظر شہر میں سیکیورٹی میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیکیورٹی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔