14 اگست ، 2022
اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ کےعدالتی اختیارات ختم کرنے سے متعلق سینیٹرعرفان صدیقی کا بل قانون نہ بن سکا۔
ضابطہ فوجداری ترمیمی بل کو سینیٹ اور قومی اسمبلی منظور کرچکیں لیکن بل پر تاحال صدر کے دستخظ نہ ہوسکے اور بل قانون نہ بن سکا۔
23 مئی کو سینیٹ اور 8 جون کو قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد سے بل لاپتہ ہے۔ اس حوالے سے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھاکہ بل کا کوئی سراغ نہیں مل رہا کہ وہ کہاں ہے؟ 14 روز کے اندر صدر کو بل پر دستخط کرنا ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ بل کا لاپتہ ہوجانا آئین اور پارلیمنٹ کی توہین ہے، بل گمشدگی کا معاملہ سینیٹ میں اٹھاؤں گا اور بل کو لاپتہ نہیں ہونے دوں گا۔
عرفان صدیقی کا کہنا تھاکہ اگر بل کے قانون بننے میں کوئی طاقتور لابی حائل ہے تو اسے بے نقاب کروں گا۔
دوسری جانب ایوان صدر کے حکام کا کہنا ہے کہ بل کے حوالے سے کوئی علم نہیں۔