21 نومبر ، 2012
کراچی … اورنگی ٹاوٴن نمبر 5 میں ہونے والے دھماکے کے مقام پر ایک اور دھماکا ہوگیا، صحافیوں، پولیس، رینجرز اور ریسکیو اہلکاروں سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے، تھانے کی عمارت کو نقصان پہنچا جبکہ متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاوٴن نمبر 5 میں امام بارگاہ حیدر کرار کے قریب ایک اور دھماکا ہوا ہے، دھماکا اس وقت ہوا جب پہلے دھماکے کے بعد میڈیا، پولیس، رینجرز اور بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے جس میں مزید کئی افراد زخمی ہوگئے ہیں، 7 زخمی کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے، دھماکے کے بعد علاقے میں شدید بھگدڑ اور افراتفری مچ گئی، رینجرز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ، مزید نفری بھی طلب کرلی گئی ہے جبکہ جمع ہونے والے لوگوں کو بھی جائے وقوعہ سے ہٹایا جارہا ہے۔ دوسرے دھماکے میں تھانے کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا جبکہ متعدد گاڑیوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے، دھماکے کے وقت سڑک پر ٹریفک رواں دواں تھا جبکہ امام بارگاہ میں مجلس کے لئے بھی لوگ جمع ہورہے تھے۔ دھماکے میں جیو نیوز کے کیمرہ مین جاوید اقبال سمیت کئی صحافی اور میڈیا کے کارکن زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں میں پولیس ، رینجرز اور ریسکیو اہلکار بھی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق کہا جارہا ہے کہ اس مقام پر کوئی ڈیوائس پلانٹ کی گئی تھی جس کے ذریعے دھماکا کیا گیا۔ واضح رہے کہ شام ساڑھے چھ بجے امام بارگاہ حیدر کرار کی دیوار سے متصل دکانوں کے قریب موٹر سائیکل رکشہ سے ٹکرانے کے بعد دھماکا ہوا تھا جس میں 2 افراد جاں بحق اور بچوں سمیت 7 زخمی ہوئے تھے۔